لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کے بیان کہ ”ٹیکس نہ دینے والوں کو کہیں کا نہیں چھوڑیں گے” پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر صاحب بھڑکیں نہ ماریں اور عملاً کام کرکے دکھائیں ۔جب تک بڑے چوروں پر ہاتھ نہیں ڈالیں گے اس وقت تک نظام میں بہتر ممکن نہیں۔عوام پہلے ہی دو وقت کی روٹی کو ترس گئے ہیں ۔بجلی کے بلوں سے تنگ آکر لوگ خودکشیاں کر رہے ہیں ۔ملکی حالات سوچ سے بھی زیادہ سنگین ہو چکے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ ایسے تمام ادارے جو قومی خزانہ پر بوجھ ہیں اور ان کی کارکردگی کہیں نظر نہیں آتی سب کی رائٹ سائزنگ ہونی چاہئے مگر اس کی آڑ میں ملازمین کو بے روز گار کرنا اور نوکریوں سے فارغ کرنے کی کسی طور پر بھی اجازت نہیں دی جا سکتی ۔اگر حکومت شروع دن سے چیک اینڈ بیلنس کے نظام کو مضبوط کرتی ، اہل افراد کو اہم عہدوں پر فائز کیا جاتا اور کرپٹ عناصر کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جاتی تو آج صورت حال مختلف ہوتی ، بد قسمتی سے اداروں کی تشکیل نو ، ان کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے موثر حکمت عملی اور کرپٹ افراد کو کھلی چھٹی دینا مسائل کی اصل جڑ ہے اور اس کے خلاف کوئی بھی حکومت دل سے کام کرنے کو تیار نہیں۔ اداروں میں کرپشن ایک نا سور بن چکی ہے جس نے ملک و قوم کو تباہی کے دھانے پر پہنچا دیا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ اسٹیٹ بنک کی رپورٹ کے مطابق منافع کی بیرون ملک منتقلی میں 458فیصد تک اضافہ ہوا ہے جس کا واضح مطلب ہے کہ غیر ملکی کمپنیاں پاکستان سے پیسہ بیرون ممالک منتقل کر رہی ہے ۔اس عمل سے مقامی سرمایہ کاروں کے اعتماد کو ٹھیس پہنچے گی ۔ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت ایسی پالیسیاں بنائے جن سے مقامی تاجر برادری کو زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل ہو ۔
محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ملکی معیشت اس وقت زبوں حالی کا شکار ہے ، جمود کی شکار معیشت کو چلانے کے لئے موجودہ حکمرانوں کے پاس معاشی ایجنڈا نہیں۔ یہ سب ڈنگ ٹپائو اقدامات سے ملک کو چلانے کی کوشش کر رہے ہیں جس سے سسٹم ٹھیک نہیں ہو سکتا