پشاور(صباح نیوز)ناظم اسلامی جمعیت طلبہ خیبرپختونخوا وسیم حیدر نے پشاور میں ینگ ٹیچرز ایسوسی ایشن پر بدترین لاٹھی چارج اورآنسو گیس استعمال کرنے کی سخت مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیاہے کہ صوبہ خیبرپختونخوا کے اساتذہ کے جائز مطالبات تسلیم کرکے ان کو اپنے حقوق دیے جائیں،اپنے جائز مطالبات کے لیے پرامن احتجاج کرنا اساتذہ سمیت ہر طبقے کا بنیادی حق ہے،مگر پر امن مظاہرین پر لاٹھی چارج اور آنسو گیس کا استعمال کرنا بنیادی جمہوری حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔
صوبائی حکومت ملازمین کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ نہیں ہے،اسلامی جمعیت طلبہ خیبرپختونخوا اساتذہ کے تمام جائز مطالبات کی حمایت کرتی ہے۔صوبائی میڈیا سیل سے جاری کردہ ایک بیان میں وسیم حیدر کا کہناتھا کہ پرامن احتجاج کے دوران اساتذہ پر آنسوگیس سمیت بلاوجہ لاٹھی چارج کرکے اساتذہ کا تقدس پامال کیاگیاہے،کسی بھی جمہوری اور مہذب معاشرے میں اساتذہ کے ساتھ روارکھاجانے والا یہ رویہ اور سلوک کس طرح بھی قابل قبول قرار نہیں دیاجاسکتا۔جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔انہوں نے کہاکہ نگراں وزیراعلی پولیس غنڈہ گردی کا فوری طور پر نوٹس لیں۔اور اساتذہ کی جائز مطالبات تسلیم کرکے حل کریں۔بصورت دیگر اسلامی جمعیت طلبہ صوبہ خیبرپختونخوا اساتذہ کے مسائل کے حل کے لیے صوبہ بھر کی نجی اور سرکاری تعلیمی اداروں کے طلبہ کو سڑکوں پر نکالے گی۔