مظفرآباد(صباح نیوز)آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے آزاد کشمیر کے پچاس طلبہ کو ایک کروڑ روپے سے زیادہ وظائف مہیا کرنے پر حکومت پنجاب اور پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اعلان کیا کہ جامعہ کشمیر میں ماسٹر ڈگری پروگرام کے مزید پچاس طلبہ کیلئے موجودہ مالی سال کے دوران پنجاب ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ سے وظائف حاصل کرنے کیلئے کوششیں تیز تر کی جائینگی۔
جامعہ کشمیر کے سٹی کیمپس مظفرآباد میں پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ سے وظائف حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں سکالر شپس سرٹیفکیٹ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر نے کہا کہ پنجاب انڈومنٹ فنڈ سے جامعہ کشمیر نے سال 2016-17 میں ابتدائی طور پر پانچ طلبہ کو ایک لاکھ اسی ہزار روپے بطور سکالر شپ ملے، اسی طرح سال 2021-22 میں 9طلبا و طالبات کو 23لاکھ 32ہزار روپے اور سال 2022-23 میں 36طلبا و طالبات کیلئے 71لاکھ سے زیادہ وظائف حاصل کیئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ کشمیر کا ڈائریکٹوریٹ برائے امداد طلبہ کی ٹیم ڈائریکٹر مجیب ظفر کی قیادت میں اس بات کیلئے پر عزم ہے کہ وموجودہ مالی سال کے اختتام سے قبل جامعہ کشمیر کے پچاس مزید طلبا و طالبات کیلئے 75لاکھ سے زیادہ مزید وظائف حاصل کر کے ایسے طلبہ و طالبات کو مہیا کیئے جائیں جن کو مالی وسائل کی کمی کی وجہ سے تعلیمی سلسلہ جاری رکھنے میں دشواری کا سامنا ہے۔
انہوں نے جامعہ کشمیر کے شعبہ امداد طلبہ کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے شعبہ کے ذمہ داران کو ہدایت کی کہ وہ جامعہ کے طلبہ و طالبات کیلئے وظائف حاصل کرنے کیلئے قومی اور بین الاقوامی سطح پر مواقع تلاش کرنے کیلئے اپنی کوششیں تیز تر کریں تاکہ ایسے طلبہ جن کے والدین تعلیمی اخراجات پورے کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے انہیں مالی امداد فراہم کی جا سکے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے وظائف حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو ہدایت کی کہ وہ سکالر شپس سے حاصل ہونے والے وسائل کو اپنی تعلیمی ضروریات پر صرف کرنے کے ساتھ ساتھ محنت، مشقت اور پوری لگن سے تعلیم حاصل کر کے اپنے والدین، معاشرے اور اپنے اساتذہ کی توقعات پر پورے اتریں۔ سکالر شپ ڈسٹری بیوشن سرٹیفکیٹ کی تقریب میں جامعہ کے رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر غلام مرتضی، ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر عبدالقادر عباسی، ایسوسی ایٹ ڈین فیکلٹی آف ہیلتھ اینڈ میڈیکل سائنسز ڈاکٹر بشیر الرحمان کنٹھ ڈائریکٹر شعبہ امداد طلبہ مجیب ظفر اور دیگر موجود تھے۔