صابر حسین اعوان اور جسٹس (ر)غلام محئی الدین ملک نے المرکز الاسلامی پشاور میں اپنے انتخابی دفتر کا افتتاح کرلیا

پشاور(صباح نیوز)جماعت اسلامی کے صوبائی نائب امیر اور امیدوار برائے  صوبائی اسمبلی حلقہ پی کے 75  صابر حسین اعوان اور امیدوار این اے 29 جسٹس (ر)غلام محئی الدین ملک نے المرکز الاسلامی پشاور میں اپنے انتخابی دفتر کا افتتاح کرلیا۔ افتتاحی تقریب میں جماعت اسلامی یوتھ خیبر پختونخوا کے صدر صہیب الدین کاکاخیل سمیت علاقہ عمائدین اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صابر حسین اعوان نے کہا کہ  ملک میں جو بھی جماعت اقتدار میں آئی اس نے عوام کی بجائے اپنی ذات کو فا ئدہ پہنچایا۔ 76 سالوں سے ملک پر چور، ڈاکو اور لٹیرے مسلط ہیں جنہیں عوام کی تکالیف سے کوئی سروکار نہیں۔ ہر دور میں حکمرانوں نے ملکی دولت لوٹ کر باہر منتقل کی۔ انھوں نے کہا کہ یہاں کوئی ووٹ کو عزت دو کی آڑ میں بوٹ کو عزت دے رہا ہے، تو کسی نے روٹی، کپڑا اور مکان کا جھانسہ دے کر لوگوں کو تینوں ضروریات سے محروم رکھا۔ تبدیلی کی دعویدار بھی ناکام ہوگئے۔ کوئی بھی اس ملک کے عوام کے ساتھ مخلص نہیں۔

انھوں نے کہا کہ اس وقت عوام کی نظریں جماعت اسلامی کی طرف ہیں۔ جماعت اسلامی ہی واحد جماعت ہے جو عوام کے مسائل حل کرسکتی ہے۔ ہم نے ہر آفت اور مصیبت میں بڑھ چڑھ کر قوم کی خدمت کی ہے۔ عوام نے سب  کو آزما لیا، ایک دفعہ اپنے ووٹ کی طاقت سے جماعت اسلامی کو اقتدار تک پہنچائیں۔ ان شا اللہ تمام مسائل حل کرکے دکھائیں گے۔ تقریب سے جے آئی یوتھ کے صوبائی صدر صہیب الدین کاکا خیل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں۔ اس وقت آبادی کا بیشتر حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ کسی حکومت نے نوجوانوں کی فلاح اور بہتر مستقبل کے لیے کام نہیں کیا۔

انھوں نے کہا کہ آج کا نوجوان اس نظام سے مایوس ہوچکا ہے۔ نوجوانوں سے کہتا ہوں کہ مایوس نہ ہوں، جے آئی یوتھ کی صورت میں آپ کے پاس بہترین پلیٹ فارم موجود ہے۔ جے آئی یوتھ میں شامل ہوکر نظام بدلنے کی جدوجہد میں اپنا حصہ ڈالیں۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے پاس نوجوانوں کے خوابوں کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے منصوبہ موجود ہے۔ نوجوان جماعت اسلامی پر اعتماد کریں اور انتخابات میں جماعت اسلامی کے امیدواروں کو کامیاب کرائیں۔ ان شا اللہ جماعت اسلامی اقتدار میں آ کر نوجوانوں کے لیے روزگار، تعلیم اور صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرے گی۔ انھوں نے عوام سے اپیل کی 8فروری 2024 کو ترازو پر مہر لگا کر قوم کی تقدیر بدلنے کا فیصلہ کریں۔