پشاور(صباح نیوز)اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کی قیادت نے اعلان کیا ہے کہ 29،30دسمبر کو ایکسپو سنٹر کراچی میں انٹرنیشنل یوتھ کانفرنس ہو گی۔جمعیت کے ناظم اعلی شکیل احمد نے کہا ہے کہ اس کانفرنس سے امت مسلمہ کو ایک مضبوط پیغام اور آئندہ کی حکمت عملی سے آگاہ کیا جائے گا۔اس وقت دنیا بھر کی نظریں پاکستان کی طرف ہیں اور پاکستان کا نوجوان ہی روشن مستقبل کی امید ہے ۔
میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اس وقت امت مسلمہ اس وقت مایوسی کے اندھیروں میں ڈوبی ہوئی ہے۔بدقسمتی سے مسلم دنیا کے حکمران امت مسلمہ کا مقدمہ عالمی برادری میں پیش کرنے میں ناکام ہیں ۔فلسطین ،کشمیر میانمار ہر جگہ امت مسلمہ کا لہو بہہ رہا ہے،چیخ و پکار ،آہ و بکاہے۔ہر میدان میں پوری ملت زوال اور پستی کا شکار ہے۔پاکستان ،ترکی،سعودی عرب اور امارات کے حکمران امریکہ کے کاسہ لیس بن چکے ہیں ۔آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے قرضوں نے امت مسلمہ کی شناخت،تہذیب اور شیرازہ بکھیر کر رکھ دیا ہے۔
ناظم اعلی اسلامی جمعیت طلبہ کا کہنا تھا کہ امت مسلمہ کا نوجوان پریشانی اور اضطراب سے دوچار ہے،وہ اپنے مستقبل کے حوالے سے خوفزدہ ہے،اپنی شناخت مٹتے دیکھ رہا ہے،اسے اپنی ہی زمین پر آزادی سے جینے کا حق حاصل نہیں ہے۔اس تشویشناک صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے اسلامی جمعیت طلبہ نے امت مسلمہ کی ترجمانی کو اپنا بنیادی اور اولین فرض سمجھتے ہوئے شہر کراچی میں دو روزہ انٹرنیشنل یوتھ کانفرنس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔جہاں دنیا بھر سے سیاسی ،فکری اور نوجوان تنظیموں کے راہ نما شریک ہوں گے۔اس کانفرنس سے امت مسلمہ کو ایک مضبوط پیغام اور آئندہ کی حکمت عملی سے آگاہ کیا جائے گا۔اس وقت دنیا بھر کی نظریں پاکستان کی طرف ہیں اور پاکستان کا نوجوان ہی روشن مستقبل کی امید ہے۔جمعیت نے ہمیشہ امت کی نمائندگی ہے۔
اس موقع پر سیکرٹری جنرل اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان اسد علی قریشی،مرکزی ترجمان اسامہ امیر اور دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔سیکرٹری جنرل اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان اسد علی قریشی نے کہا کہ اس کانفرنس میں عالم اسلام کے جید علما،عالمی اسلامی تحریکوں کے ذمہ داران سمیت سیاسی و سماجی شخصیات شریک ہوں گے۔ڈاکٹر عمر مختار شنقیطی،ڈاکٹر ابراہیم کے علاوہ ترکی،فلسطین،مصر،قطر،انڈونیشیا اور ملائشیا سے مختلف مندوبین شریک ہوں گے۔یہ کانفرنس 29اور 30 دسمبر کو شہر کراچی میں منعقد ہوگی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اسلامی جمعیت طلبہ نے ایک ایسے وقت میں یہ کانفرنس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جب چاروں طرف سے امت مسلمہ کو دیوار سے لگانے،بند گلی کا اسیر بنایا جارہا ہے۔جمعیت کی اس کانفرنس سے امت مسلمہ کے نوجوانوں کو ایک امید کا پیغام ملے گا۔ ہم نے ملک بھر کی جامعات اور کالجز سے طلبہ کو یہاں مدعو کیا ہے اور سرگرمیوں کے ذریعے امت مسلمہ کے مسائل سے آگاہی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔