اسلام آباد،کوئٹہ (صباح نیوز)بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے سربراہ اختر مینگل نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں مظاہرین پر لاٹھی چارج سے ثابت ہوگیا یہ کیئر ٹیکر نہیں انڈر ٹیکر حکومت ہے۔کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سردار اختر مینگل نے کہا کہ اسلام آباد میں مظاہرین پر لاٹھی چارج اور تشدد زیادتی ہے، ثابت ہوگیا یہ کیئر ٹیکر نہیں انڈر ٹیکر حکومت ہے۔انہوں نے کہا کہ نگران حکومت کا کام صاف اور شفاف انتخابات کا انعقاد ہے، سابق حکومت میں رہتے ہوئے بلوچستان مسئلے پر مذاکرات کا مشورہ دیتے رہے۔ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کا مسئلہ لاپتا افراد کی بازیابی سے مشروط ہے، یہ مسئلہ ایک جماعت یا فرد کا نہیں پورے بلوچستان کا مسئلہ ہے۔
اختر مینگل نے کہا کہ گورنر بلوچستان کو فوری اسلام آباد پہنچنے کی ہدایت کی ہے، گورنر مسئلہ حل نہیں کرا سکتے تو صدر کو استعفی بھیج دیں۔انہوں نے کہا کہ گورنر بلوچستان کو صدر اور وزیراعظم کو مراسلہ لکھنے کی ہدایت کی ہے، وہ اسلام آباد میں صدر اور وزیر اعظم سے ملاقات کریں اور اس مسئلے پر بات کریں۔اس سے قبل تربت میں مبینہ مقابلے میں جاں بحق نوجوان کے واقعے کی جوڈیشل انکوائری اور لاپتہ افرادکی بازیابی کے لیے تربت سے شروع ہونے والا لانگ مارچ اسلام آباد پہنچ گیا۔
قبل ازیں بلوچ یکجہتی کمیٹی کا مارچ اسلام آباد پہنچا تو ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے مظاہرین کو چونگی نمبر26 پر روک لیا ، جہاں پر مظاہرین اور پولیس میں تصادم بھی ہوا۔ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد کے مطابق ترنول پولیس نے ایک خاتون سمیت 283 مظاہرین کو گرفتار کر لیا ہے ، لاٹھی چارج اور پتھرائو کے نتیجے میں 14 مظاہرین اور تین پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔اسلام آباد پولیس نے بلوچ یکجہتی مارچ کے شرکا کے خلاف کارِ سرکار میں مداخلت، دکانیں اور سڑکیں بلاک کرنے اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کے الزامات کے تحت تھانہ کوہسار اور تھانہ ترنول میں مقدمات درج کر لیے ہیں۔۔