جامعہ کشمیر ہاشو فاؤنڈیشن کے تعاون سے سیاحت و مہمان نوازی کا ڈگری پروگرام شروع کرے گی

مظفرآباد(صباح نیوز) پاکستان کے نامور بزنس گروپ ہاشو فاؤنڈیشن نے آزاد کشمیر کے نواجوانوں کو مارکیٹ ڈیمانڈ کے مطابق تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے جامعہ کشمیر مظفرآباد کے تعاون سے سیاحت و مہمان نوازی کی ڈگری پروگرام شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ سیاحت و مہمان نوازی کا شعبہ جامعہ کشمیر کے کنگ عبداللہ کیمپس میں شروع کیا جائیگا۔ جس کا انتظام و انصرام جامعہ کشمیر اور ہاشو فانڈیشن باہمی تعاون سے کریں گے۔ اس بات کا اعلان چیف سیکرٹری آزاد کشمیر داد محمد برپچ اور سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ظہیر الدین قریشی کی موجودگی میں ہاشو فانڈیشن کے اعلی سطحی وفد نے گذشتہ روز جامعہ کشمیر شاہ عبداللہ کیمپس کے دورے کے بعد وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی، رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر غلام مرتضی اور جامعہ کے دیگر اعلی آفیسران کے ساتھ ایک میٹنگ کے بعد کیا۔

سیاحت و مہمان نوازی کے ڈگری پروگرام کا نصاب برطانیہ کی شہرہ آفاق شفیلڈ یونیورسٹی نے تیار کیا اور اس پروگرام میں داخلہ حاصل کرنے والے طلبہ تیسرے سال کی تعلیم برطانیہ کی شفیلڈ یونیورسٹی یا دوسالہ تعلیم مکمل کرنے کے بعد آئی ایم سائنسز سے ایسوسی ایٹ ڈگری کی تعلیم مکمل کر سکتے ہیں۔ تعلیم کے اختتام پر طلبہ و طالبات کو پرل کانٹینٹل، میریٹ اور ہوٹل ون جیسے کاروباری اداروں میں انٹرن شپ کے ذریعے ملازمت کا تجربہ حاصل کرنے کا موقع بھی ملے گا۔ سیاحت و مہمان نوازی کی ڈگری پروگرام میں کامیابی سے تعلیم مکمل کرنے والے طلبہ کو ملک کے اندر اور بیرون ملک ملازمتیں حاصل کرنے کے وسیع مواقع دستیاب ہوں گے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیف سیکرٹری آزاد کشمیر داد محمد بریچ اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے آزاد کشمیر کے نوجوانوں کو با اختیار بنانے اور انہیں مارکیٹ کی طلب کے مطابق تعلیم دینے کے حوالے سے جامعہ کشمیر اور کارپوریٹ سیکٹر کے درمیان رابطہ کاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ہاشو فانڈیشن کو ہر قسم کے تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت و مہمان نوازی پاکستان کا ایک ایسا سیکٹر ہے جو نہ صرف ملکی ترقی کیلئے ایک انجن بن سکتا ہے بلکہ یہ ملک میں بے روزگاری کے مسئلہ کو حل کرنے میں بھی ممد و معاون ثابت ہو سکتا ہے۔ اس لیئے اس شعبہ کو ترقی دینے کیلئے تعلیم یافتہ اور تجربہ ہیومین رسورس کی تیاری ہماری ترجیح ہے۔