اسلام آباد (صباح نیوز)معلومات اور اعداد و شمار تک رسائی کو بڑھانے اور بین الاقوامی سطح پر قبولیت حاصل کرنے کی جانب ایک اہم قدم کے طور پر، ہائر ایجوکیشن کمیشن نے این ای ڈی یونیورسٹی کراچی میں جدید ڈیٹا سینٹر کے قیام کاپایہ تکمیل تک پہنچنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ مرکز یونیورسٹیوں کو ڈیجیٹل طور پر بااختیار بنانے اور ان کے آئی ٹی انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے کے لیے ایک اہم اقدام ہے۔نئے قائم کردہ ڈیٹا سینٹر نے عالمی سطح پر پذیرائی حاصل کی ہے۔
ایچ ای سی کی پریس ریلیز کے مطابق متذکرہ ڈیٹا سینٹر کو کمیونیکیشن انڈسٹری ایسوسی ایشن (TIA) 942 کی جانب سے معتبر سند’ڈیزائن ڈاکومنٹ سرٹیفیکیشن’ کا اعزاز دیا گیا ہے، جو کہ قوم کے لیے قابل فخر کامیابی اور پاکستان کے آئی ٹی سیکٹر کے لیے ایک حوصلہ افزا پیش رفت ہے۔ڈیٹا سینٹرز کے ڈیزائن اور ساخت کے حوالے سے ریٹئڈتھری( ‘Rated3”)عالمی سطح پر مانا جانے والا معتبر ترین معیار ہے جو ایچ ای سی کے ڈیٹا سینٹر نے حاصل کیا ہے۔
یہ سند جدید ڈیٹا سینٹر کے اعلی معیار، توسیع پذیری، بیخطر، اور عملی کارکردگی کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔یونیورسٹیوں کو کلاڈ کمپیوٹنگ اور ہائی پرفارمنس کمپیوٹنگ (ایچ پی سی)، اعداد و شمار ذخیرہ کرنے اور مضبوط روبط رکھنے کی ضرورتوں کو پورا کرنے والے اعلی کارکردگی والے سرور فراہم کرنے کا وعدہ ایچ ای سی نے پورا کردیا ہے۔
ڈیٹا سینٹر کا قیام اعلی تعلیم میں تکنیکی انفراسٹرکچر کے فروغ کے لیے ایچ ای سی کے عزم کا مظہر ہے۔ چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایچ ای سی ڈاکٹر ضیا القیوم نے ایچ ای سی کی پوری آئی ٹی ٹیم کو مبارکباد دی ہے، اور این ای ڈی یونیورسٹی کے تعاون کا شکریہ ادا کیا ہے۔