اسلام آباد (صباح نیوز)ٹرانس نیشنل ریسرچ کارپوریشن کے صدر مسٹر مارک زیپوت کی قیادت میں دنیا کے کئی معروف سرمایہ کاری اداروں کے مینیجرز، ماہرین اقتصادیات اور معاشی تجزیہ کاروں کے وفد نے سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔ جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میںقائدایوان نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے اقتصادی خوشحالی کے لیے بین الاقوامی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ ملاقات کے دوران،
انہوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کی موجودہ صورتحال کا ایک جامع جائزہ پیش کیا۔ اس موقع پر ملک کے اقتصادی پالیسی کے نکات جاری آئی ایم ایف پروگرام، اور نجکاری کے معاملات پر بھی بات چیت ہوئی ۔ وفد کو 2013-17 کے دوران پاکستان کی معاشی کارکردگی سے آگاہ کیا گیا قائدایوان نے کہا کہ اس مدت میں پاکستان 24 ویں عالمی معیشت بن گیا تھا جس کے ساتھ ساتھ پبلک سیکٹر کے ترقیاتی کاموں کی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا جس کے نتیجے میں پاکستان کی جی ڈی پی کی شرح نمو 6 فیصد سے اوپر رہی۔
انہوں نے اصلاحات کی کوششوں اور پاکستان کو درپیش چیلنجوں کے بارے میں اقتصادی ویژن سے آگاہ کیا اورسازگار کاروباری ماحول کو فروغ دینے میں خصوصی سرمایہ کاری کی سہولت کونسل کے اہم کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے ماحول کو متاثر کرنے والے عوامل کے حوالے سے وفد کے سوالات کا جواب دیا، اقتصادی ترقی کو فروغ دینے اور پائیدار اقتصادی ترقی کی مضبوط بنیاد کو یقینی بنانے کے لیے قوم کے عزم شفافیت کا تزکرہ کیا۔