اب تک شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 17 ہزار 177 ہو گئی

غزہ(صباح نیوز) غزہ میں 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی حملوں میں  شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 17 ہزار 177 ہو گئی ہے جن میں 7 ہزار 112 بچے اور 4 ہزار 885 خواتین شامل ہیں۔غزہ کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ46 ہزار فلسطینی  زخمی ہو چکے ہیں۔غزہ کی وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرہ کے مطابق غزہ پر اسرائیل کے وحشیانہ حملے جاری ہیں جہاں بمباری سے مزید 350 فلسطینی شہید ہوگئے جب کہ مغربی کنارے پر کارروائی میں بھی 6 فلسطینی شہید ہوئے۔۔گذشتہ رات غزہ کی پٹی کے مختلف مقامات پر اسرائیلی فوج کی طرف سے کیے گئے فضائی حملوں میں متعدد فلسطینی شہید اور زخمی ہوئے۔

فلسطین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی WAFA کے مطابق غزہ شہر کے مشرق میں واقع ضلع الشوجائیہ پر اسرائیلی طیاروں کے فضائی حملے میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوگئے۔اسرائیلی فوج غزہ کی پٹی کے بہت سے علاقوں بالخصوص خان یونس، رفح اور شہر کے جنوبی حصے پر اپنے فضائی اور زمینی حملے جاری رکھے ہوئے ہے

الاقصی چینل کے ٹیلی گرام اکانٹ پر جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ  فلسطینی شاعر اور سکالر غزہ اسلامی یونیورسٹی کے لیکچرار رفعت العریر اسرائیلی حملوں میں چہید ہوگئے ۔ وہ   مرکزاطلاعات فلسطین کے انگریزی سیکشن کے سوشل میڈیا انچارج تھے۔فلسطین میں مصنفین کی نوجوان نسل سے تعلق رکھنے والے رفعت العریر دنیا کو اپنی کہانیاں سنانے کے لیے انگریزی میں لکھا کرتے تھے۔رفعت العریر کے دوست اور غزہ کے ایک اور شاعر مصعب ابو توحہ نے فیس بک پر لکھا: میرا دل ٹوٹ گیا ہے کیوں کہ میرے دوست اور ساتھی رفعت العریر کو چند منٹ پہلے ان کے اہل خانہ کے ساتھ قتل کر دیا گیا ہے۔ میں اس پر یقین نہیں کرنا چاہتا۔ ہم دونوں ایک ساتھ سٹرابیری چنا کرتے تھے۔