انقرہ(صباح نیوز) ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ ہمیں یقین ہے کہ جیت با الاخر فلسطین ہی کی ہوگی ۔ صدر ایردوان نے گزشتہ روز یونان کے دورے سے واپسی پر طیارے میں اپنے بیان میں کہا کہ فلسطین کی جیت عالمی امن اور حقوق انسانی کی نئی اساس ہوگی اگر عالمی نظام کی نا اہلی اور ایک لاغرعالمی قانون نہیں چاہیئے تو فلسطین کی حمایت کرنا ضروری ہے ورنہ طاقتور اور ظالموں کی قانون پر دسترس دنیا کی تباہی کا سبب بن سکتی ہے ۔
جو بائیڈن سے رابطے کے بارے میں صدر ایردوان نے کہا کہ غزہ کے بارے میں ہمارا موقف واضح ہے ،اگر انہوں نے رابطے کی کوشش کی تو ضروری موضوعات پر ان سے تبادلہ خیال کریں گے۔ایردوان نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے عالمی نظام میں خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے ،عالمی امن کا تحفظ قائم شدہ ایک ادارے کا بنیادی مقصد ہے جسے بھولنا نہیں چاہیئے،امید ہے کہ سلامتی کونسل اس حوالے سے اپنا فرض ادا کرے گی ۔
حماس کو ایک سیاسی تحریک کہتے ہوئے صدر ایردوان نے بتایا کہ حماس انتخابات میں ایک سیاسی جماعت کے طور پر شامل ہوئی اور فتح حاصل کی ،ہمیں زبردستی مجبور کیا جا رہا ہے کہ اسے دہشتگرد تنظیم قرار دیں لیکن آپ کے ماننے سے ہم اسے دہشتگرد تنظیم نہیں کہہ سکتے ۔