اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی، انڈیکس 64 ہزار پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح عبور کر گیا


کراچی(صباح نیوز)پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس)میں زبردست تیزی کا رجحان جاری ہے، بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس ابتدائی ٹریڈنگ کے دوران 352 پوائنٹس اضافے کے بعد تاریخ میں پہلی بار 64 ہزار کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق صبح تقریبا 9 بج کر 43 منٹ پر کے ایس ای-100 انڈیکس 352.07 پوائنٹس یا 0.55 فیصد بڑھ کر 64 ہزار 269 تک پہنچ گیا، جو گزشتہ روز 63 ہزار 917 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز (6دسمبر)بھی پی ایس ایکس میں تاریخی سنگ میل عبور کرنے کا سلسلہ جاری رہا ، اور بینچ مارک کے ایس ای-100انڈیکس تاریخ میں پہلی بار 63 ہزار کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔4 دسمبر کو کے ایس ای-100 انڈیکس 801.80یا 1.3 فیصد اضافے کے بعد 62 ہزار 493پوائنٹس پر پہنچ گیا تھا۔

اسی طرح یکم دسمبر کو کے ایس ای-100ا نڈیکس 1159.98پوائنٹس اضافے کے بعد 61ہزار 691پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔