کراچی (صباح نیوز)الخدمت کے فری آئی ٹی کورسز پروگرام ” بنو قابل پروگرام ” کے تحت 2.0کے نئے سیشن کی کلاسز شروع ہو گئیں ۔
کلاسز کا باقاعدہ آغاز کیا گیا ۔ہزاروں لڑکے لڑکیوںنے کلاسز جوائن کرلی ہیں ۔الخدمت نے شہر بھر میں 35آئی ٹی سینٹرز قائم کیے ہیں جہاں صبح 10سے رات 10بجے تک کلاسز جاری رہیں گی ۔تمام سینٹرز میں ماہر پرفیشنلز الخدمت بنو قابل کورسز کا حصہ ہیں ۔آئی ٹی ٹریننگ سینٹرز پر گرافکس ڈیزائننگ ،ویب ڈیولپمنٹ ،ایپ ڈیولپمنٹ ،پائیتھن ،سائبر سیکیورٹی ،موشن میجک ،ایمازون،فری لانسنگ ،ڈیجیٹل مارکیٹنگ سمیت 15 کورسزکروائے جا رہے ہیں ۔کلاسز کے آغاز کے موقع پر چیف ایگز یکٹو الخدمت کراچی نوید علی بیگ نے کہا ہے کہ الخدمت بنو قابل 2.0میں کلاسز کا آغاز باعث خوشی ہے ۔یہ اہل کراچی کے لیے حوصلہ افزا بات ہے ،یہ نوجوانوں کے روشن مستقبل کی نوید ہے ۔انہوں نے کہا کہ الخدمت تمام کورسز مفت کروارہی ہے اور ان کورسز کے لیے تربیت یافتہ اور ماہر پروفیشنلز کی خدمات حاصل کی گئی ہیں ۔
نوید علی بیگ نے کہا کہ بنو قابل 2.0 کراچی کو آئی ٹی سٹی بنانے کی جانب اہم پیش رفت ہے ۔نوید علی بیگ نے تمام طلبہ وطالبات سے کہا کہ وہ محنت اور لگن کے ساتھ اپنے کورسز مکمل کریں تاکہ وہ اپنی منزل پا سکیں ،انہیں امید ہے کہ جو جستجو وہ کر رہے ہیں اس کے نتیجے میں نوجوان اپنی تقدیر بدلیں گے۔ڈائریکٹر بنو قابل پروگرام فاروق کاملانی نے کہا کہ ان شاللہ1.0کے بعد 2.0سیشن بھی کامیابی سے ہم کنار ہو گا اور ہزاروں بچے کورسز پاس کر کے آئی ٹی کی دنیا میں کامیابی کے ساتھ قدم رکھ سکیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ کورسز کرنے والے بچوں میں امید اورآگے بڑھنے کا جذبہ موجود ہے ۔پروجیکٹ ڈائریکٹر سلمان شیخ نے کہا کہ بنو قابل پروگرام کو حافظ نعیم الرحمن کے وژن کے مطابق آگے بڑھا رہے ہیں ۔آئی ٹی یونیورسٹی پرکام جاری ہے ،2.0سیشن میں بھی ہزاروں بچے آئی ٹی کورسزکر کے اپنے پیروں پر کھڑے ہوں گے ۔