حکومت مہنگائی مافیا اور لینڈ مافیا کے ہاتھوں بے بس نظر آرہی ہے،میاں رشید منہالہ

لاہور (صباح نیوز)کسان بورڈ وسطی پنجاب کے صدر میاں رشید منہالہ نے کہا ہے کہ حکومت مہنگائی مافیا اور لینڈ مافیا کے ہاتھوں بے بس نظر آرہی ہے ، مزدور اور کسان مہنگائی کے چکی میں پس گئے ہیں۔اشیاء خوردو نوش اور اشیاء ضروریہ قوت خرید سے باہر ہو گئی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ میاں رشید منہالہ نے کہا کہ  کھاد مافیا دھڑلے سے ڈی اے پی اور کھاد بلیک ریٹ پر فروخت کررہاہے۔پولیس جرائم پیشہ افراد کو پکڑنے کی بجائے موٹر سائیکل سواروں کوپکڑ پکڑ کر بند کررہی ہے اور فخر سے بتایا جارہا ہے کہ اتنے ہزار موٹر سائیکل سوار تھانوں میں بند کر دیئے گئے ہیں۔اسلحہ بردار، منشیات فروشوں چوروں اور ڈکیتوں اور قاتلوں کو کھلی چھٹی مل گئی  ،زراعت کو سوچے سمجھے منصوبہ کے تحت ختم کیا جارہاہے، کسان اپنی زمینیں اونے ، پونے داموں لینڈ مافیا کو فروخت کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں،جہاں وہ رہائشی سکیمیں بنا کر اربوں روپے کما رہے ہیں۔ نہری پانی ناپید ہو چکا ہے، مہنگی بجلی سے ٹیوب ویل چلانے کا خرچہ کئی گنا بڑھ جاتاہے، کھاد وں کی قیمتیں مافیا کے ہاتھ میں ہیں،حکومت مہنگائی مافیا اور لینڈ مافیا کے ہاتھوں بے بس نظر آرہی ہے۔

کسان کو زرعی اجناس کی لاگت کے پیسے بھی نہیںملتے ، حکومت دوسرے ملکو ں سے زرعی اجناس امپورٹ کرکے کسانوں کی حوصلہ شکنی کررہی ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ مہنگائی کا خاتمہ کیا جائے، حکومت بجلی ،پانی اور بیج سستے کرے، ڈی اے پی اورکھاد کی بلیک مارکیٹنگ کرنے اور جعلی کھاد اور زرعی ادویات فروخت کرنے والوں کو عمر قید کی سزا دی جائے۔اور گوداموں سے کھاد اور ڈی اے پی ضبط کرکے کسانوں کو کنٹرول ریٹ پر فروخت کی جائے، کسانوں کو جدید بیج سستے داموں مہیا کئے جائیںاور کسانوں کو جدید زراعت کی ٹریننگ اور بلا سود قرض دیا جائے۔ انہوںنے کہا کہ ملک مشکل ترین حالات سے گزر رہا ہے ،پوری دنیا کے ہم مقروض ہو چکے ہیں،جنہوں نے قرض لئے ملک کو اس حالت تک پہنچایا ان کو گھر، گاڑیاں ، بجلی ، پٹرول ، نوکر چاکر ودیگر سینکڑوں مراعات مفت میں مل رہی ہیں۔جبکہ غریب عوام 76سالوں سے اپنا پیٹ کاٹ کاٹ کر ٹیکس ادا کررہی ہے اب بھی ان سے ہی قربانی مانگی جارہی ہے۔ فروری میں ہونے والا الیکشن قوم کی تقدید بل سکتا ہے، اگر قوم نے آزمائی ہوئی پارٹیوں کو ووٹ دینے سے انکار کر دیا اور جماعت اسلامی کے ایماندار اور دیانت دار امیدواروں کو ووٹ دیا تو ملک خوشحال ہو جائے گا۔ ملک کا سارا قرضہ اتار دیا جائے گا۔نوجوانوں کو روزگار اور تمام ہم وطنوں کا انصاف گھر کی دہلیز پر میسر ہوگا۔