اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان کے لیے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف) پروگرام کی پالیسی دستاویزات کی تیاری شروع کردی گئی۔
آئی ایم ایف نے پاکستان کے لیے ممکنہ نئے پروگرام کی سفارشات پرمبنی پالیسی دستاویزات کی تیاری شروع کردی ہے۔پاکستانی معاشی ٹیم اور آئی ایم ایف ٹیکنیکل ٹیم کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور کامیابی سے مکمل ہوگیا ہے، عالمی مالیاتی ادارے کی ٹیم نے وزارت خزانہ اور وزارت تجارت کا بھی دورہ کیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ مذاکرات کا آئی ایم ایف معاہدے کے ساتھ تعلق نہیں ہے۔آئی ایم ایف تکنیکی وفد کے دورہ پاکستان کے موقع پر حکومتی معاشی ٹیم اور آئی ایم ایف کے درمیان ٹیکس نیٹ اور ٹیکس یونیو بڑھانے کے لیے مذاکرات کا تیسرا دور جاری ہے۔
ٹیکس پالیسی میں ترامیم کا مقصد ٹیکس نیٹ کووسیع کرنا اورزیادہ ریونیو اکٹھا کرنا ہوگا جب کہ ریٹیلرز کے لیے اسکیم متعارف کرانے کا بنیادی ڈھانچہ بھی تکنیکی وفد کے ساتھ مل کر تیار کیا جائے گا۔اس سے قبل ذرائع کا بتانا تھا کہ مزید 10 لاکھ افراد کو ٹیکس نیٹ میں لا کر ٹیکس دہندگان کی تعداد 60 لاکھ تک پہنچائی جائے گی، وفد کے ساتھ مل کرٹیکس پالیسی میں جو ترامیم کی جائیں گی وہ آئندہ بجٹ میں نافذالعمل ہوں گی۔