اہلِ غزہ کی جرأت بے مثال مگر وہ مسلمان حکمرانوں کی بے حمیتی کی وجہ سے بے یارومددگار ہیں، حافظ محمد ادریس

لاہور(صباح نیوز)مرکزی رہنما جماعت اسلامی حافظ محمد ادریس نے منصورہ میں پشاور اور حلقہ کراچی کے ارکان و کارکنان کی چار روزہ تربیت گاہ میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ کے غیرت مند اور بہادر اہل ایمان کو ہم خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ مشکل ترین حالات اور بے سروسامانی کے عالم میں وہ ناجائز صہیونی ریاست کی بے انتہا اسلحہ و بارود کا مردانہ وار مقابلہ کر رہے ہیں۔ امت مسلمہ کے حکمرانوں کا یہ المیہ ہے کہ وہ ڈیڑھ اب آبادی کے نمایندہ ہونے کے باوجود اب تک کوئی عملی کام نہیں کر سکے۔ اسلام نے دنیا کو بنیادی انسانی حقوق عطا کیے اور رسولِ رحمت صلی اللہ علیہ وسلم نے جنگوں میں بھی غیر مقاتل آبادی بچے، بوڑھے، خواتین اور عبادت گاہوں میں عبادت کرنے والوں پر تلوار اٹھانے سے سختی کے ساتھ منع فرمایا تھا۔ آج غزہ اور مغربی کنارے میں کوئی ہسپتال، عبادت خانہ، پناہ گاہ، مدرسہ اور سکول صہیونی بربریت اور بمباری سے محفوظ نہیں۔ سولہ ہزار شہدا میں ساڑھے چھ ہزار بچے، ساڑھے پانچ ہزار خواتین اور دو ہزار سے زاید ہسپتالوں کے مریض اور ڈاکٹر و دیگر عملہ شامل ہیں۔ اس درندگی نے ہٹلر کے مظالم کو بھی مات کر دیا ہے۔ صہیونیوں کی بربریت نازیوں سے بھی بدتر ہے۔ اس سب کچھ کے باوجود اہل غزہ کے حوصلے بلند ہیں اور ان شاء اللہ وہ سرخرو ہوں گے جب کہ ان کے دشمنوں کا مقدر شکست و ذلت ہے۔