جماعت اسلامی نے عام انتخابات میں سب سے زیادہ ٹکٹیں نوجوانوں کو دیں ہیں ۔ محمد جاوید قصوری

لاہور (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ ہر سال اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان ملکی حالات سے دلبرداشتہ ہو کر پاکستان چھوڑ رہے ہیں۔ پاکستان کو عظیم بنانے کے لئے ہمیں اپنی ترجیحات کو بدلنا ہو گا۔ پی ٹی آئی سمیت مسلم لیگ نون ، پیپلز پارٹی نے نوجوانوں کو جھوٹے وعدوں اور دعواوں سے گمراہ کیا ہے ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

ان کا کہنا تھا کہ نوجوان نسل قیمتی اثاثہ ہیں۔ کسی بھی قوم کی باگ ڈور اس کی نئی نسل کے ہاتھ میں ہوتی ہے۔بد قسمتی سے پاکستان میں ہر آنے والی حکومت نے صرف لالی پاپ دیا ہے ۔ نوجوانوں کو حصولِ علم کے ساتھ ساتھ بہتر اخلاقی تربیت کے حصول میں بھی دشواریوں کا سامنا ہے، جس کی وجہ سے نوجوان منفی سرگرمیوں کی طرف مایل ہو رہے۔کسی بھی ملک، قوم یا معاشرے میں حقیقی اور مثبت تبدیلی نوجوان ہی لاسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خوش قسمتی سے پاکستان دنیا کے ان 15 ممالک میں شامل ہے جن کی نصف سے زاید آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے۔یہاں ملک کی کل آبادی میں 68 فی صد لوگ 30 سال سے کم عمر ہیں، جب کہ ان میں سے 32 فی صد 15 سے 20 سال عمر کے درمیان ہیں۔نوجوانوں کے لیے صحت مندانہ تفریح کے مواقع حسب ضرورت دستیاب نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جب نوجوان مخلص ہوکر اپنے ملک و قوم کے لیے محنت اور جدوجہد کرنے لگتے ہیں تو مثبت تبدیلی، ترقی اور بہتری کو کوئی نہیں روک سکتا۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی قوم کی طاقت کا سرچشمہ اس قوم کے نوجوان ہوتے ہیں۔جب کسی قوم کے نوجوان بلند حوصلہ، باہمت، باصلاحیت اور امنگوں اور ولولوں سے بھر پور ہوں تو  وہ قوم بساط عالم پر اپنا لوہا منواتی ہے۔ موجودہ حالات میں بھی نوجوانوں کے دل میں وطنِ عزیز کو عظیم سے عظیم تر بنانے کا جذبہ موجزن ہے۔

محمد جاویدقصوری نے مزید کہا کہ دنیا میں آج تک جتنے انقلاب آئے، چاہے وہ سیاسی ہو یا اقتصاد ی، معاشی ہو یا سماجی، سائنسی ہو یا اخلاقی ان سبھی کی پشت پر نوجوانوں کا رول سب سے اہم رہا ہے۔معاشرے بھی سلامتی، تحفظ اور امن برقرار رکھنے میں نوجوانوں کا کردار کلیدہے۔پاکستان میں صرف جماعت اسلامی ہی واحد دینی وسیاسی جماعت ہے جس نے ہمیشہ نوجوانوں کی تربیت کا خصوصی اہتمام کیا ہے۔ 2024کے عام انتخابات میں جماعت اسلامی نے سب سے زیادہ ٹکٹیں نوجوانوں کو دیں ہیں