بی آئی ایس پی کے ذریعے غریب افراد کی مالی معاونت ریاست کی ذمہ داری ہے، ڈاکٹر محمد امجد ثاقب

چکوال (صباح نیوز) چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) ڈاکٹر محمد امجد ثاقب نے کہا ہے کہ بی آئی ایس پی رنگ، مذہب، ذات پات اور سیاست سے بالاتر ہو کر تمام ضرورت مند افراد کی مالی مدد کر رہا ہے۔

چکوال کی جامع مسجد عیدگاہ میں بی آئی ایس پی ملازمین کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد امجد ثاقب نے اس بات پر زور دیا کہ  پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد کی مالی امداد ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ڈاکٹر محمد امجد ثاقب نے معاشی طور پر  کمزور گھرانوں کے بچوں کو تکنیکی مہارت کے شعبوں سے منسلک کرنے پر زور دیا۔ غربت کے خاتمے کے لیے تعلیم اور ہنر کی اہمیت کو  اجاگر کرتے ہوئے، انہوں نے ملازمین پر زور دیا کہ وہ پسماندہ  طبقے سے تعلق رکھنے والے گھرانوں کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے  کی ہرممکن  کوشش کریں۔

ڈاکٹر امجد ثاقب نے مواخات کے اصولوں  پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہمیں غریب خاندانوں کی مدد میں بھائی چارے اور یکجہتی کا جذبہ اپنانے  کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ہمدرد معاشرے کی تشکیل کے لیے اجتماعی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔چکوال بی آئی ایس پی آفس کے دورے کے دوران ڈاکٹر امجد ثاقب نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ صفائی ستھرائی کو یقینی بنائیں ۔

بی آئی ایس پی کے عملے سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر امجد ثاقب نے ضرورت مندوں کو دستیاب وسائل کے ساتھ تمام سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے  کہا کہ کفالت و دیگر  وظائف کی ادائیگیوں کو بلا کسی کٹوتی یقینی بنایا جائے۔  ڈاکٹر امجد ثاقب نے ملازمین پر زور دیا کہ وہ اجتماعی طور پر بینظیر  انکم سپورٹ پروگرام کو سماجی بہبود کے شعبے میں ایک مثالی ادارہ بنانے کی کوشش کریں۔