اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی منشور کمیٹی کے سربراہ سینٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ ان کی کمیٹی کو نیشنل فنانس کمیشن ایوارڈ(این ایف سی) یا اٹھارویں ترمیم میں کسی قسم کی کوئی تبدیلی یا ترمیم کے لئے کسی بھی طرف سے کوئی سفارش یا تجویز نہیں ملی۔ اس طرح کی کوئی تجویز زیر غور بھی نہیں ہے۔ یہاں پارلیمنٹ ہاس کے باہر اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ ایک بڑے انگریزی اخبار میں شائع ہونے والی یہ رپورٹ درست نہیں کہ مسلم لیگ (ن) اٹھارویں آئینی ترمیم میں کسی اور ترمیم پر غور کر رہی ہے۔
میری معلومات کے مطابق یہ معاملہ پارٹی کے کسی اجلاس میں زیر غور نہیں آیا نہ ہی اس سلسلے میں پارٹی قیادت کی طرف سے منشور کمیٹی کو کوئی ہدایات ملی ہیں۔ سینیٹر صدیقی نے مزید کہا کہ منشور کمیٹی کی 31 ذیلی کمیٹیوں میں سے بھی کسی کو ایسی تجویز موصول نہیں ہوئی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مختلف متعلقہ حلقے اور عوام قومی مسائل کے بارے میں انتہائی اہم تجاویز بھیج رہے ہیں۔ ذیلی کمیٹیاں بھی محنت اور سرگرمی سے کام کر رہی ہیں۔ اس جوش اور جذبہ کو دیکھتے ہوئے تجاویز مرتب کرنے کی حتمی تاریخ میں 30 نومبر تک اضافہ کر دیا گیا ہے۔۔۔