لاہور(صباح نیوز)سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے لاہور میں کامیاب غزہ مارچ پر اہل لاہور کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دشمنان اسلام کے خلاف ہزاروں فرزندان توحید کا لاہور کی سڑکوں پر مظلوم فلسطینیوں کی حمایت کے لیے کامیاب غزہ مارچ کا انعقاد امت مسلمہ کی بیداری کی علامت ہے –
ڈاکٹر حمیرا طارق نے کارکنان جماعت اسلامی کی انتھک محنت اور عزم و استقلال کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی نے غیر متزلزل عزم و حوصلے کے ساتھ محصورین غزہ کی حمایت اور اظہارِ یکجہتی کیلیے بڑی تعداد میں جمع ہو کر کامیاب غزہ مارچ کا انعقاد ممکن بنایا -انہوں نے کہا کہ غزہ مارچ میں ہزاروں خواتین اور بچوں کے قافلوں کی بھرپور شرکت لاہور کے نظم اور کارکنان کی مخلصانہ کوششوں کا نتیجہ ہے-ہم کامیاب مارچ پر لاہورکے نظم وکارکنان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے دعا گو ہیں کہ اللہ پاک ان جذبوں کی حرارت سے فلسطینیوں کے حوصلے بلند کرے اور غاصب قوتوں کا زور توڑ دے- شاندار فتح و نصرت فلسطین کے مجاھدین اور غزہ کے مظلومین کا مقدر بن جائے #