اسرائیل اپنی زمینی کارروائیوں کا دائرہ جنوبی غزہ تک پھیلانے کی تیاری کررہا ہے

تل ابیب(صباح نیوز)شمالی غزہ میں کارروائیوں اور غزہ کے سب سے بڑے اسپتال پر حملے کے بعد اب ممکنہ طور پر اسرائیل اپنی زمینی کارروائیوں کا دائرہ جنوبی غزہ تک پھیلانے کی تیاری کررہا ہے۔ غیر ملکی نشریاتی ادارے کے مطابق اسرائیلی فورسز نے جمعرات کو غزہ کے جنوبی قصبے خان یونس کے مشرقی علاقوں بنی شحیلہ، خزاعہ، ابسان اور قرہ میں ایسے پمفلٹس گرائے جن میں فلسطینیوں کو انخلا کی ہدایت کی گئی ہے جس سے ان علاقوں میں اسرائیل کی فوجی کارروائی کا اندیشہ پیدا ہوا ہے۔

جمعرات کو جنوبی غزہ کے رہائشیوں نے بتایا کہ اسرائیلی فورسز نے فلسطینیوں کو جنوبی غزہ کے علاقوں سے بھی نکلنے کی وارننگ دی ہے۔غزہ کے تقریبا 20 لاکھ بے گھر شہری جنوب میں پناہ گاہوں میں موجود ہیں۔ بے گھر ہونے والے افراد کی یہ تعداد پناہ گاہوں کی گنجائش سے زیادہ ہے۔ لہذا وہاں سرد موسم کے دوران وسیع فوجی کارروائی مزید سنگین بحران کو جنم دے سکتی ہے۔