تل ابیب(صباح نیوز)اسرائیل کی فوج نے دعوی کیا ہے کہ اس نے لڑاکا طیاروں سے حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کے گھر پر حملہ کیا ہے۔اسرائیلی فوج نے جمعرات کو کہا کہ لڑاکا طیاروں نے فلسطینی عسکریت پسند گروپ حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ کے گھر کو نشانہ بنایا۔اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا، “راتوں رات اسرائیلی فوج کے لڑاکا طیاروں نے حماس کے سیاسی بیورو کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی رہائش گاہ پر حملہ کیا۔
بی بی سی کے مطابق اسماعیل ہنیہ کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ حماس کے تمام امور کے سربراہ ہیں۔ عام طور پر انھیں سیاسی سربراہ کہا جاتا ہے۔ انھیں سنہ 2017 میں حماس کے سیاسی شعبے کا سربراہ منتخب کیا گیا تھا۔وہ گذشتہ کئی برسوں سے قطر میں ہی رہ رہے ہیں۔
وہ 1980 کی دہائی میں حماس کے سرگرم رہنما تھے اور تین سال کے لیے اسرائیل نے انھیں قید بھی رکھا۔غزہ واپس آنے سے قبل انھوں نے ایک برس باہر ہی گزارا۔ سنہ 1997 میں وہ حماس کے مذہبی شعبے کے سربراہ منتخب ہو گئے۔اسماعیل ہنیہ سنہ 2006 میں فسلطین کے وزیراعظم منتخب ہوئے۔ انھوں نے صدر محمود عباس کے ساتھ کام کیا۔ انھیں صرف ایک سال بعد اس عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔