مسلم حکمران جرأت ایمانی اور غیرتِ ملی سے محروم ہیں، حافظ محمد ادریس

لاہور(صباح نیوز)مرکزی رہنما جماعت اسلامی حافظ محمد ادریس نے منصورہ میں طلبہ کی ایک نشست میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالم اسلام پر مردنی چھائی ہوئی ہے۔ امت مسلمہ پر بزدل حکمرانوں نے قبضہ جما رکھا ہے جن میں نہ جرأت ایمانی ہے، نہ غیرت ملی۔ مسلمان حکمران اگر ذرا سی جرات کر کے اسرائیل کے خلاف عملی قدم اٹھاتے تو اہل غزہ کے مصائب ختم ہو سکتے تھے۔ کتنا بڑا المیہ ہے کہ غیر مسلم معاشروں میں عوام خواہ وہ کسی بھی مذہب سے تعلق رکھتے ہوں، مظلوم فلسطینی عوام کے حق میں ہر روز بہت بڑے بڑے اجتماعی جلوس نکال کر اسرائیل اور اس کے سرپرستوں کی کھل کر مذمت کر رہے ہیں، مگر مسلمان حکمران ایک بے مقصد اجلاس کر کے سمجھتے ہیں کہ فرض ادا ہو گیا ہے۔

حافظ محمد ادریس نے کہا کہ اہل غزہ جس طرح ظلم و بربریت کے سامنے ڈٹے ہوئے ہیں، وہ تاریخ کی منفرد مثال ہے۔ غزہ قبرستان بن چکا ہے، وہاں کے ہسپتال اسرائیل درندوں کی بمباری سے ملبے کا ڈھیر بن گئے ہیں۔ معصوم بچے، عورتیں اور مریض، بزرگ اور معذور سبھی درندوں کے نشانے پر ہیں۔ پھر بھی حماس ڈٹ کر ہتھیاروں کے بغیر محض جذبۂ ایمانی سے ان کا مقابلہ کر ری ہے۔ ایسی مثال تاریخ میں نہ مل سکے گی۔ قیامت کے دن مسلمان حکمران مظلوموں کی شکایت کا کیا جواب دیں۔