اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی منشور کمیٹی کے سربراہ سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ صحت عامہ کی اچھی سہولتیں فراہم کرنا ہمیشہ مسلم لیگ (ن) کی اہم ترجیح رہی ہے۔ مسلم لیگ(ن) کے منشور میں عوامی صحت کے شعبے میں بنیادی اصلاحات کا خاکہ پیش کیا جائے گا تاکہ کوئی مستحق شخص علاج معالجے کی سہولت سے محروم نہ رہے۔
یہ بات انہوں نے نیشنل ہارٹ ایسوسی ایشن ‘پناہ’ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جس نے جمعرات کو ‘پناہ’ کے صدر میجر جنرل (ر) مسعود الرحمن کیانی کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔ جنرل کیانی نے اپنی تجاویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزارت صحت میں پالیسی معاملات کے لئے ڈاکٹرز کو بھی اعتماد میں لیا جانا چاہیے۔ اس وقت وزارت میں 130 افسران ہیں جبکہ ڈاکٹرز کی تعداد صرف 11 ہے۔ اسی طرح پرائمری ہیلتھ کا شعبہ الگ کر دینا چاہیے۔
وفد نے کہا کہ شوگر اور دل کی بیماریوں کے لئے حفاظتی تدابیر پر سختی سے عمل کرانا چاہیے۔ وفد میں میجر جنرل (ر) مسعود الرحمان، ایگزیکٹو نائب صدر ڈاکٹر شکیل احمد مرزا، جنرل سیکرٹری ثنا اللہ گھمن اور ٹیکنیکل ایڈوائزر ڈاکٹر واجد علی شامل تھے۔۔