لاہور(صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی اور فرح گوگی نے 4 سال تک ملک کو لوٹا، کیا لیول پلیئنگ فیلڈ ان کو 2018 کی طرح چاہیے، کوئی دل پر ہاتھ رکھ کر بتا دے، نواز شریف کے ساتھ ثاقب نثار نے زیادتی نہیں کی۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید لطیف نے کہا کہ بشریٰ بی بی اور فرح گوگی نے 4سال تک ملک کو لوٹا، ان کا ایک وکیل جیل سے نکلتا ہے اور کہتا ہے اسٹیبلشمنٹ کے پائوں پڑنے کو تیار ہیں، دوسرے دن دوسرا وکیل نکلتا اور کہتا ہے انتخابات میں ہمارا مقابلہ ہی اسٹیبلشمنٹ سے ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2 ماہ کے اندر ہمیں سزائیں دے دی گئیں، کیا اس کو عدالتی پراسس کہتے ہیں۔ مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ اپنی جماعت، لوگوں کو نظر انداز کیا اس سے اندرون سندھ اور کراچی کو مشکل ہوئی اس لئے توجہ دے رہے ہیں، بلوچستان میں غیر جمہوری قوتوں کی مداخلت رہی، جماعتوں کو توڑا اور ہانک کر اِدھر ادھر کیا جاتا ہے۔جاوید لطیف نے کہا کہ سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے پوچھ لیں تو بتائیں گے کرپشن کا 90 فیصد حصہ زمان پارک جاتا رہا۔انہوںنے کہا کہ ایک نے پاکستان کو بچایا، ایک نے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا اور ایک نے اینٹ سے اینٹ بجائی۔