سان فرانسسکو (صباح نیوز)امریکی صدر جو بائیڈن اور چین کے صدر شی جنگ پنگ کے درمیان کیلی فورنیا میں ملاقات ہوئی، دونوں رہنماؤں نے تناؤ کم کرنے کیلئے فوجی سطح پر رابطوں کی بحالی کا فیصلہ کر لیا۔ ۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق عالمی رہنماؤں نے ایک دوسرے سے ہاتھ بھی ملایا۔اس موقع پر جوبائیڈن نے کہا کہ تناؤ کو تصادم کی طرف نہیں جانا چاہیے۔ دونوں ملکوں کے درمیان فوجی سطح پر رابطے بحال کئے جائیں گے۔ امریکی صدر بائیڈن کے مطابق امریکہ میں دوا فنٹانائل کے اجزا کی منتقلی روکنے کے لیے دونوں ملکوں نے کوششیں شروع کر دی ہیں۔ سان فرانسسکو میں ملاقات کے دوران امریکی صدر جو بائیڈن نے چینی ہم منصب شی جن پنگ سے ایران کو مشرق وسطیٰ میں اشتعال انگیز اقدامات سے گریز کرنے کی ترغیب دینے کا مطالبہ بھی کیا۔چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا کہ سپر پاورز کے لئے ایک دوسرے سے منہ موڑنا کوئی آپشن نہیں ۔دنیا کی دو بڑی اقتصادی قوتوں کے سربراہوں کی ملاقات ایپک سربراہ کانفرنس کی سائیڈ لائنز پر ہوئی۔