لاہور (صباح نیوز)پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم تینوں فارمیٹ کی کپتانی سے دستبردار ہوگئے۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے پی سی بی کی جانب سے صرف ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی کی پیشکش قبول کرنے سے انکار کر دیا۔بابر اعظم نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے تمام فارمیٹ کی کپتانی سے دستبردار ہونے کا اعلان کیا۔بابر اعظم نے کہا کہ وائٹ بال کرکٹ میں نمبر ون بننا تمام کھلاڑیوں کی محنت کا نتیجہ تھا، قیادت سے دستبرداری مشکل فیصلہ تھا،کپتانی چھوڑنے کا یہ درست وقت ہے۔انہوں نے کہا کہ تینوں فارمیٹ میں بطور کھلاڑی پرفارمنس جاری رکھوں گا، نئے کپتان کو اپنے تجربے کی بنیاد پر سپورٹ کروں گا، اس ذمہ داری کیلئے اعتماد پر پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکریہ۔واضح رہے کہ بدھ کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف نے بابر اعظم سے لاہور میں ملاقات کی۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں بابر عظم کو وائٹ بال کرکٹ کے لیے نیا کپتان لانے کا بتایا گیا ، البتہ پی سی بی کی جانب سے انہیں صرف ٹیسٹ ٹیم کا کپتان برقرار رکھنے کی پیشکش کی گئی تھی۔ذرائع کا کہنا تھا کہ پی سی بی کی پیشکش ٹھکراتے ہوئے بابر اعظم نے تینوں فارمیٹ کی کپتانی سے انکار کر دیا تھا۔ذرائع کے مطابق بابر اعظم تینوں فارمیٹ کی کپتانی سے انکار کے بعد میٹنگ سے چلے گئے تھے۔تاہم بعد ازاں انہوں نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے تینوں فارمیٹ کی کپتانی سے دستبرداری کا اعلان کیا۔۔
مزید پڑھیں
Load/Hide Comments