179 افراد الشفا اسپتال احاطے میں اجتماعی قبر میں دفن ہیں۔ ڈائریکٹر الشفا ہسپتال غزہ

غزہ(صباح نیوز)اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری میں غزہ کے الشفا اسپتال کا ایک حصہ مکمل طور پر منہدم ہوگیا اور 179 مریض ملبے تلے دب گئے جن میں سے 7 نومولود اور انتہائی نگہداشت کے وارڈ کے 29 مریض بھی شامل ہیں۔غزہ کے سب سے بڑے الشفا ہسپتال کے ڈائریکٹر نے منگل کو بتایا کہ 179 افراد کو کمپلیکس میں ایک “اجتماعی قبر” میں دفن کر دیا گیا تھا جن میں بچے اور انتہائی نگہداشت یونٹ میں مر جانے والے مریض شامل تھے۔

الشفا ہسپتال کے ڈائریکٹر محمد ابو سلمیہ نے کہا کہ “ہمیں انہیں اجتماعی قبر میں دفن کرنے پر مجبور تھے۔” اور مزید کہا کہ دفن کیے جانے والوں میں سات بچے اور 29 انتہائی نگہداشت والے مریض وہ تھے جنہیں ہسپتال میں ایندھن کی فراہمی ختم ہو جانے کے بعد دفن کیا گیا۔”انہوں نے کہا، “ہسپتال کے احاطے میں لاشیں بکھری پڑی ہیں اور مردہ خانے میں اب بجلی نہیں ہے،” کیونکہ 7 اکتوبر کو اسرائیل اور حماس کی جنگ شروع ہونے کے بعد سے غزہ کی پٹی میں کوئی ایندھن داخل نہیں ہوا ہے۔

سلمیہ نے بتایا کہ منگل کے روز ایک مرد اور ایک عورت آئی سی یو میں فوت ہو گئے جس سے یونٹ میں مرنے والوں کی تعداد 29 ہو گئی۔ ادھر اسرائیلی ٹینک الشفا ہسپتال کے دروازوں پر جمع ہو گئے ہیں جس کے بارے میں اسرائیل نے کہا ہے کہ حماس کے زیرِ استعمال ایک زمین دوز کمانڈ “نوڈ” وہاں چھپا ہوا ہے۔ یہ ایک ایسا الزام ہے جس کی فلسطینی عسکریت پسند گروپ تردید کرتا ہے۔