الخدمت ملک بھر میں 20ہزار سے زائد یتیم بچوں کی کفالت کررہی ہے:نوید علی بیگ

کراچی (صباح نیوز ) چیف ایگزیکٹو الخدمت کراچی نوید علی بیگ نے کہا ہے کہ الخدمت ملک بھر میں 20ہزار سے زائد باہمت یتیم بچوں کی ان کے گھروں پر کفالت کر رہی ہے ،کراچی میں 1700بچوں کی کفالت کی جا رہی ہے۔ یہ باہمت بچے اس ملک کا روشن مستقبل ہیں۔

یہ بات انہوں نے الخد مت آرفن کئیر پروگرام میں رجسٹرڈ 200  بچوں میں ”ایجوکیشنل کٹس ”کرنے کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی ۔کٹس مجموعی طور پر 1700باہمت یتیم بچوں میں تقسیم کی جائیں گی ۔بچوں کو کٹس کے ساتھ اسٹیشنری کیلئے رقم بھی دی گئی ۔ تقریب میں ڈائریکٹر کمیونٹی سروسز قاضی صدرالدین ، ڈائریکٹر آرفن کئیر پروگرام یوسف محی الدین، سینئر منیجر کوآرڈنیشن عنایت اللہ اسماعیل ، ٹاؤن چیئرمین لیاقت آباد فراز حسیب ، ٹاؤن چیئرمین جناح ٹاون رضوان سمیع نے باہمت بچوں میں اسکول بیگ اور اسٹیشنری کی رقم تقسیم کی ۔اس موقع پر اسسٹنٹ منیجر پروگرام محمد ہارون شاہد اور دیگر ذمہ دران بھی موجود تھے۔

ناظم شعبہ اطفال فصیح اللہ حسینی نے یوم اقبال کی مناسبت سے بچوں کو ”پیغام اقبال” سے متعلق آگاہی دی ۔تقریب سے خطاب کر تے ہوئے الخدمت نوید علی بیگ نے کہا کہ الخدمت صرف کراچی شہر میں 1700سے زائد یتیم بچوں کی کفالت کر رہی ہے ۔ان بچوں کو یہ احسا س نہیں ہونے دینا کہ یہ تنہا ہیں ۔یہ اکیلے نہیں الخدمت ان کے ساتھ ہے ۔نوید علی بیگ نے کہا کہ ہم ان بچوں کی جہاں ہم گھروں پر کفالت کر رہے ہیں،وہیں ان کی صحت کا بھی خیا ل رکھا جاتا ہے اور ان کی تعلیم وتربیت پر بھی خصوصی توجہ دی جاتی ہے ۔انہوں نے بچوں سے کہا کہ آپ نے پڑھنا ہے اور آگے بڑھنا ہے ۔جھوٹ سے بچیں ۔

نماز قائم کریں ۔اللہ اور اس کے رسول کے احکام کی پیروی کریں۔ ڈائریکٹر آرفن کیئر پروگرام یوسف محی الدین نے کہا کہ آج کے یہی باہمت بچے کل پاکستان کا روشن مستقبل بنیں گے ،ان پر شفقت اور حوصلہ افزائی نہایت ضروری ہے ۔انہوں نے کہا کہ تمام بچے اپنی توجہ تعلیم پر رکھیں ،محنت کریں کیونکہ محنت ہی سے کامیابیاں ممکن ہیں۔انہوں نے کہا کہ جلد دوسرے مرحلے میں دیگر بچوں میں بھی ایجوکیشنل کٹس دی جائیں گی ۔