پاکستان معیشت کی بہتری، برآمدات بڑھانے اور مصنوعات کیلئے نئی منڈیوں کی تلاش پر توجہ دے رہا ہے،ڈاکٹر عارف علوی

اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان نے غیر ملکی سرمایہ کاری کی سہولت اور حوصلہ افزائی سمیت ون ونڈو سہولت فراہم کرنے کیلئے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل قائم کی ہے، غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان کے خصوصی اقتصادی اور ٹیکنالوجی زونز میں سرمایہ کاری کریں۔

ایوانِ صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار حسیب احمد کی قیادت میں مختلف جغرافیائی اور کاروباری پس منظر سے تعلق رکھنے والے آکسفورڈ گریجویٹس پر مشتمل وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔صدر مملکت نے کہا کہ بین الاقوامی کاروبار پاکستان میں سرمایہ کاری کریں ، بہتر کاروباری ماحول سے مستفید ہوں، بین الاقوامی سرمایہ کار اور کمپنیاں پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی معیشت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے زبردست مواقع موجود ہیں، پاکستان ایک ابھرتی ہوئی مارکیٹ ہے جس کے حجم میں ہر سال اضافہ ہو رہا ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان معیشت کی بہتری، برآمدات بڑھانے اور مصنوعات کیلئے نئی منڈیوں کی تلاش پر توجہ دے رہا ہے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول ہے اور حالیہ برسوں میں کاروبار کرنے میں آسانی کی درجہ بندی میں بہتری آئی ہے، غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان میں معیشت کے مختلف شعبوں بالخصوص انفارمیشن ٹیکنالوجی میں مواقع تلاش کریں۔صدر مملکت نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو حکومت کی جانب سے پیش کردہ ٹیکس مراعات سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس تربیت یافتہ انسانی وسائل دستیاب ہیں، نوجوانوں اور خواتین کو جدید آئی ٹی مہارتوں سے آراستہ کرنے کیلئے وزیراعظم کا ڈیجیٹل سکلز ٹریننگ پروگرام شروع کیا گیا، ڈیجیٹل سکلز پروگرام کے تحت 2018سے اب تک 35 لاکھ ٹریننگ دی گئی ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان آن لائن تعلیم کا حجم بڑھانے ، معیاری اور ہنر مند گریجویٹس کی تعداد بڑھانے پر توجہ مرکوز کر رہا ہے۔