الیکشن کمیشن نے نگران وزیراعظم اور دیگر وزرا کے گوشواروں کی نقول دینے سے معذرت کرنے بارے میڈیا میں شائع رپورٹوں کو مسترد کردیا

اسلام آباد(صباح نیوز)  الیکشن کمیشن آف پاکستان  نے نگران وزیراعظم اور دیگر وزرا کے گوشواروں کی نقول دینے سے معذرت کرنے بارے میڈیا میں شائع رپورٹوں کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ سیکشن 138 کے تحت سرکاری گزٹ میں اشاعت شدہ گوشواروں کی نقول الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ اسلام آباد میں درخواست اور متعلقہ فیس کی ادائیگی کے بعد حاصل کی جا سکتیں ہیں  ،

ترجمان الیکشن کمیشن نے اپنے وضاحتی بیان میں کہاکہ نگران وزیراعظم  اور وزرا کے اثاثہ جات کے حوالے سے میڈیا  کے کچھ حلقوں میں رپورٹ  ہوا ہے کہ الیکشن کمیشن نے نگران وزیراعظم اور دیگر وزرا کے مذکورہ گوشواروں کی نقول دینے سے معذرت کی ہے۔ یہ حقیقت کے بلکل برعکس ہے اور واضح کیا جاتا  ہے  کہ الیکشن ایکٹ 2017 کی سیکشن  230(3)  کے تحت مذکورہ  گوشوارے   الیکشن  کمیشن میں جمع  کروائے جا چکے ہیں  اور قانون  کے مطابق  کمیشن  نے سیکشن  230(3)  اور الیکشن رولز 170(3)  کے تحت وصول شدہ  گوشوارہ جات کی سرکاری گزٹ (Official Gazette) میں اشاعت کی منظوری  کے بعد اس کا گزٹ نوٹیفکیشن ہو گیا  ہے ۔

سیکشن 138 کے تحت سرکاری گزٹ میں اشاعت شدہ گوشواروں کی نقول الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ اسلام آباد میں درخواست اور متعلقہ فیس کی ادائیگی کے بعد حاصل کی جا سکتیں ہیں ۔