فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی کارکردگی بہتر بنانے سے متعلق اعلی سطح کا جائزہ اجلاس

اسلام آباد (صباح نیوز)نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی کارکردگی بہتر بنانے سے متعلق اجلاس ہوا۔ وزیر اعظم کو ٹیکس نیٹ وسیع کرنے اور ٹیکس سسٹم کو ڈیجیٹائز کرنے کے حوالے سے بریفینگ دی گئی۔

اجلاس میں ایف بی آر کی ری اسٹرکچر نگ کے حوالے سے مختلف تجاویز زیر غور آئیں۔وزیراعظم نے کہا کہ محصولات کی وصولی ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے،ٹیکس نظام میں بہتری کے لئے جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال نا گزیر ہے،اسمگلنگ کے کنٹرول کے لئے پچھلے دنوں کافی اہم اقدامات اٹھائے گئے ہیں لیکن اس حوالے سے مزید تندہی سے کام کرنا ہو گا۔

وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ ایف بی آر کی کارکردگی بہتر بنانے کے حوالے سے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جائے اور اس حوالے سے ایک جامع لائحہ عمل پیش کی جائے جس میں تمام متعلقہ اداروں کی تجاویز بھی شامل کی جائیں۔ اجلاس میں نگران وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر، مشیر وزیر اعظم احد چیمہ، چیئرمین ایف بی آر، وفاقی سیکرٹری خزانہ اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔