نگران حکومت اظہاررائے کی آزادی پریقین رکھتی ہے،مرتضی سولنگی

اسلام آباد(صباح نیوز)نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضی سولنگی اور نگران وزیر اعلی خیبر پختونخوا جسٹس(ر) سید ارشد حسین شاہ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں آئندہ انتخابات، میڈیا کے شعبے میں تعاون اور صحافیوں کے مسائل سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے جسٹس (ر) سید ارشد حسین شاہ کو نگران وزیراعلی کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے انتخابی عمل کو صاف، شفاف اور غیر جانبدار بنانے کیلئے الیکشن کمیشن کو ہر ممکن تعاون اور سہولت فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا ۔ انتخابات کے دوران میڈیا کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

وفاقی وزیراطلاعات مرتضی سولنگی نے کہا کہ نگران حکومت آزادی اظہار رائے پر کامل یقین رکھتی ہے، ہم آئین کے تحت اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہی ہے ، تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں،خیبرپختونخوا کے صحافیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔۔