گنے کی  قیمت 425 روپے فی من مقرر


کراچی(صباح نیوز) نگرا ن زیراعلیٰ سندھ جسٹس(ر)مقبول باقر نے گنے کی قیمت 425 روپے فی من مقرر کر دی۔

نگرا ن وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت محکمہ زراعت کا اجلاس ہوا جس میں چیف سیکرٹری ڈاکٹر فخر عالم، ایڈووکیٹ جنرل حسن اکبر، سیکرٹری خزانہ کاظم جتوئی، سیکرٹری زراعت اعجاز شاہ، سیکرٹری خوراک عباس سومرو اور دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے۔نگران وزیراعلیٰ سندھ کو سیکرٹری زراعت اعجاز شاہ نے بریفنگ دی۔ترجمان وزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ اجلاس میں گنے کی کم از کم قیمت سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔

نگران وزیراعلیٰ سندھ نے چیف سیکرٹری کو ہدایت کی کابینہ سے بذریعہ سرکولیشن سمری منظور کرائی جائے۔جسٹس (ر)مقبول باقر نے کہا کہ سندھ حکومت گندم کی کم قیمت 4000 روپے فی من پہلے ہی مقرر کر چکی ہے۔سیکرٹری زراعت سندھ نے وزیراعلیٰ سندھ کو آگاہ کیا کہ محکمہ رزاعت میں 10 ڈی جیز ہیں اور ایک کین کمشنر ہے، محکمہ زراعت کی تقریباً 13 ونگز ہیں۔نگران وزیراعلیٰ سندھ نے سوال کیا کہ محکمہ زراعت چاول، گندم اور دیگر فصلوں کی پیداوار بڑھا نہیں سکتی؟ پنجاب میں چاول اور گندم کی پیداوار سندھ سے زیادہ ہے۔