الخدمت ڈیزاسٹرمینجمنٹ کا 4روزہ تربیتی پروگرام کل سے شروع ہوگا

کراچی(صباح نیوز)الخدمت کراچی کے تحت ڈیزاسٹرمینجمنٹ کی 4 روزہ کل وقتی ٹریننگ کا آغاز کل پیر سے ہو گیا ،ٹریننگ اسکاؤٹس ٹریننگ سینٹر ، گلشن اقبال کراچی 16 نومبر تک جاری رہے گی ۔  ٹریننگ میں کراچی سمیت مختلف اضلاع سے 48والنٹیئرز شریک ہیں ۔ٹریننگ کے بعد 12 رکنی ٹیم کا انتخاب کیا جائے گا ج” نیشنل ریسکیو چیلنج لاہور” میں الخدمت کراچی کی نمائندگی کرے گی۔

ٹریننگ کیلئے ریسکیو1122کے پروفیشنلز ٹرینر کی خدمات حاصل کی گئی ہیں ۔ٹریننگ کل وقتی ہو گی اور والنٹیرز ٹریننگ سینٹر ہی میں قیام کریں گے ۔دریں اثنا ڈائریکٹر ڈیزاسٹر مینجمنٹ الخدمت کراچی قاضی سید صدرالدین نے کہا ہے کہ الخد مت اہنی ڈیزاسٹر مینجمنٹ ٹیم کی صلاحیتوں کو نکھار نے کیلئے مسلسل جدو جہد کر رہی ہے تاکہ ہمیشہ ممکنہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ہماری ٹیم مستعد اور توانا رہے ۔انہوں نے کہا کہ الخدمت کی سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم نے پاکستان میں آنے والے مشکل حالات میں بھی کام کیا ۔زلزلے ہوں ،سیلاب ہوں یا طوفانی بارشیں الخدمت کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ نے اپنا بھرپورکردار نبھایا ،ترکہ میں آنے والے زلزلہ میں الخدمت کراچی کی ٹیم نے نمایاں خدمات انجام دیں ،جسے ترکی میں حکومتی سطح پر سراہا ہے ۔

ٹریننگ پروگرام سے رضاکاروں کی صلاحیتوں میں مزید اضافہ ہوگا ۔سید صدرالدین نے کہا کہ خدمت کے یہی کام ہیں جن کی وجہ سے الخدمت مختلف ٹریننگ پروگرام کا حصہ بنتی رہتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ حال ہی میں  لاہورمیں ہونے والے ”نیشنل ریسکیو چیلنج ” میں بھی الخدمت ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی ٹیم نے حصہ لیا تھا جس میں ”ہائیٹ ریسکیو ”کی کیٹگری میں ملک بھر اول پوزیشن حاصل کی تھی ۔انہوں نے کہا کہ ہم رضاکاروں کی تربیت کا یہ عمل جاری رکھیں گے ۔