جنوبی افریقہ کی وزیرخارجہ کا اسرائیلی وزیراعظم کی گرفتاری کا مطالبہ

کیپ ٹاون(صباح نیوز)جنوبی افریقہ کی وزیرخارجہ  نیلی ڈی پینڈورNaledi Pandor نے غزہ میں جاری وحشیانہ بمباری اور قتل عام پر اسرائیلی وزیراعظم کی گرفتاری کا مطالبہ کردیا۔ ایک بیان میں بی افریقہ کی وزیرخارجہ  نے بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) سے مطالبہ کیا کہ  اسرائیلی وزیر اعظم  نیتن یاہو کی گرفتاری کا وارنٹ جاری کرے اور پراسیکیوٹر تحقیقات کی رفتار بڑھائے۔

یاد رہے  چند روز قبل  جنوبی افریقا نے غزہ پر جارحیت کا سلسلہ برقرار رکھنے پر  اسرائیل سے اپنے سفارتی عملے کو واپس بلالیا تھا۔جنوبی افریقی حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا  تھاکہ غزہ کی صورتحال کے باعث وہ اپنے تمام سفارتکاروں کو اسرائیل سے واپس بلا رہی ہے۔  تل ابیب سے  جنوبی افریقی سفارت کاروں کی واپسی کے موقع پرجنوبی افریقی وزیر خارجہ Naledi Pandor نے کہا تھا کہ ہمیں غزہ میں معصوم بچوں اور شہریوں کی شہادتوں پر بہت زیادہ تشویش ہے اور ہمارا ماننا ہے کہ اسرائیلی رویہ اجتماعی سزا دینے کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں لگتا ہے کہ اس معاملے پر جنوبی افریقا کی تشویش کو ظاہر کرنا ضروری ہے۔جنوبی افریقی وزیر خارجہ نے غزہ میں فوری جنگ بندی کا بھی مطالبہ کیا تھا۔