کراچی (صباح نیوز)مرکزی حکومت کے مجموعی قرضوں میں ستمبر کے دوران ماہانہ بنیادوں پر کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ستمبر 2023 میں حکومت کے مجموعی قرضوں کا حجم 62 ہزار 291 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا ہے جو اگست کے مقابلے میں 2.6 فیصد کم ہے۔اگست میں حکومت کے مجموعی قرضوں کا حجم 63 ہزار 966 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا تھا۔ حکومت کے اندورنی قرضوں کے حجم میں ستمبر کے دوران ماہانہ بنیادوں پر 0.2 فیصد کی کمی ہوئی ہے۔
ستمبر میں حکومت کے اندرونی قرضوں کا حجم 39 ہزار 698 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا جو اگست میں 39 ہزار 792 ارب روپے تھا۔ طویل المعیاد قرضوں کے حجم میں ماہانہ بنیادوں پر 2.3 فیصد کی نمو ہوئی۔ستمبر میں طویل المعیاد قرضوں کا حجم 30 ہزار 693 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا جو اگست میں 30 ہزار 13 ارب روپے تھا۔ فارن کرنسی لون میں ستمبر کے دوران ماہانہ بنیادوں پر 5.8 فیصد کی کمی ہوئی۔ ستمبر میں فارن کرنسی لون کا حجم 386 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا جو اگست میں 410 ارب روپے تھا۔ مختصر مدت کے قرضوں کے حجم میں ستمبر کے دوران ماہانہ بنیادوں پر 7.8 فیصد کی کمی ہوئی۔
ستمبر میں مختصر مدت کے قرضوں کا حجم 8 ہزار 883 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا جواگست میں 9 ہزار 633 ارب روپے تھا۔ حکومت کے بیرونی قرضوں کے حجم میں ستمبر کے دوران ماہانہ بنیادوں پر 6.5 فیصد کی کمی ہوئی۔ ستمبر میں حکومت کے بیرونی قرضوں کا حجم 22 ہزار 594 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا جو اگست میں 24 ہزار 175 ارب روپے تھا۔۔