پشاور(صباح نیوز) نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اعظم خان کے انتقال کے بعد گورنر خیبر پختونخوا غلام علی نے صوبے کے انتظامی اور آئینی امور سنبھال لئے ۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ شعبہ قانون سازی کا موقف ہے کہ انتقال کی صورت میں نگران وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے طریقہ کار پر آئین خاموش ہے،
آئین کے آرٹیکل 224 اور 224 اے کے تحت نگران وزیراعلیٰ کا انتخاب دوبارہ ہوگا۔اس حوالے سے الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ انتخاب کیلئے گورنر کو سابق وزیر اعلیٰ اور سابق اپوزیشن لیڈر کو خط لکھنا ہوں گے اور دونوں رہنمائوں سے تین، تین نام مانگنا ہوں گے۔اتفاق رائے نہ ہونے کی صورت میں معاملہ پارلیمانی کمیٹی میں جائے گا جس کا تقرر سپیکر خیبر پختونخوا کریں گے، پارلیمانی کمیٹی بھی کسی نتیجے پر نہ پہنچی تو حتمی فیصلہ الیکشن کمیشن کرے گا۔