یورپی یونین سے ترسیلات زر میں سالانہ بنیادوں پر 7 فیصد اضافہ

کراچی (صباح نیوز)یورپی یونین میں شامل ممالک میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں جاری مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 7 فیصد کی نمو ریکارڈ کیا گئی ہے۔اسٹیٹ بینک کی طرف سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 4 ماہ(جولائی تا اکتوبر) تک کی مدت میں جرمنی، فرانس، نیدر لینڈ، سپین، اٹلی، یونان، سویڈن، ڈنمارک ، آئرلینڈ اور بلیجیم میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 1.141 ارب ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا جو گزشتہ مالی سال کے اسی مدت کے مقابلے میں 7 فیصد زیادہ ہے۔

گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں یورپی یونین کے ممالک میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 1.070 ارب ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔ اکتوبر میں یورپی یونین کے ممالک سے ترسیلات زر کا حجم 298 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال اکتوبر کے مقابلے میں 28 فیصد زیادہ ہے ۔ گزشتہ سال اکتوبر میں یورپی یونین میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 232 ملین ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔اعداد وشمار کے مطابق ستمبر کے مقابلے میں اکتوبر میں یورپی یونین سے ترسیلات زر میں ماہانہ بنیادوں پر 10 فیصد کی نمو ہوئی، ستمبر میں یورپی یونین سے ترسیلات زر کا حجم 270 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا جو اکتوبر میں بڑھ کر 298 ملین ڈالر ہوگیا۔ واضح رہے کہ جاری مالی سال کے پہلے چار مہینوں میں سمندر پار پاکستانیوں نے مجموعی طور پر 8.795 ارب ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا ہے۔۔