ریاض (صباح نیوز)نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے عالمی برادری کے تمام ارکان اور ذمہ دار حکومتوں سے غزہ اور مغربی کنارے میں تشدد کے فوری خاتمے میں مدد کا مطالبہ کیا ہے۔یہاں فلسطینی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگراں وزیراعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ انسانی ہمدردی کی راہداری کو کھولا جانا چاہیے کیونکہ زخمیوں کو علاج،پینے کے پانی کی ضرورت ہے اس کے ساتھ ساتھ خوراک کی قلت کو دور کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ادویات، خوراک، پانی کی بھی ضرورت ہے کیونکہ یہ عام انسان ہیں۔وزیر اعظم غزہ اور مغربی کنارے دونوں میں اسرائیلی قابض افواج کی جارحیت کے نتیجے میں مقبوضہ فلسطین کی مخدوش صورتحال پر تبادلہ خیال کیلئے منعقدہ او آئی سی کے غیر معمولی سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے سعودی عرب کے تین روزہ دورے پر ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ انسانی تصور سے باہر ہے کہ 21ویں صدی میں ایک انسانی آبادی کو ایسے وحشیانہ اور غیر انسانی تجربات سے کیسے گزرنا پڑا،اسے روکنا چاہیے اور دنیا بھر میں ہر ایک کو یہ احساس ہونا چاہیے کہ ہم یہاں انسانوں کی بات کر رہے ہیں۔
یہاں تک کہ اگر آپ شکار کی مہم پر جاتے ہیں اور آپ 21 ویں صدی میں جانوروں کو مارنا چاہتے ہیں، تو آپ کو کچھ اصول و ضوابط پر عمل کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ کوئی بھی عالمی قانون سے بالاتر نہیں ہے اور ہر ریاست کو ایک ذمہ دار حکومت کے طور پر بین الاقوامی انسانی قانون اور دیگر قوانین کے مطابق اپنا طرز عمل اختیارکرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ دفاعی کمزور لوگوں پر فوجی طاقت کا استعمال بالکل ناقابل قبول ہے۔۔