پاکستان کو غیرقانونی تارکین وطن کے خلاف ایکشن لینے کا پورا اختیار ہے، ممتاز زہرہ بلوچ

اسلام آباد(صباح نیوز٩دفترخارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا ہے کہ پاکستان کو غیرقانونی تارکین وطن کے خلاف ایکشن لینے کا پورا اختیار ہے، بے دخل کیے گئے افغانوں کو دوبارہ پاکستان آنے کی اجازت ہوگی۔ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہوئی، پاکستان اپنے تحفظات کا اظہار افغان حکومت سے کرچکا ہے،

افغان حکومت دہشت گردوں کے خلاف ایکشن لے۔ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ ملک میں امن و سلامتی پاکستان کی ذمہ داری ہے، ہمارے پاس افغان دہشت گردوں کی تفصیلات ہیں، غیرقانونی طور پر مقیم غیرملکیوں کے خلاف کارروائی عالمی قوانین کی خلاف ورزی نہیں، پاکستان کو غیرقانونی تارکین وطن کے خلاف ایکشن لینے کا پورا اختیار ہے۔ممتاز زہرہ بلوچ نے مزید کہا کہ فیصلے سے افغان حکومت کو آگاہ کردیا تھا، کارروائی صرف غیرقانونی تارکین وطن کے خلاف ہورہی ہے، واپس جانے والے باقاعدہ دستاویز کے ساتھ پھر آسکتے ہیں۔