شہباز شریف کی لشکری رئیسانی کو ن لیگ میں شمولیت کی دعوت

لاہور (صباح نیوز)مسلم لیگ (ن ) کے صدر شہبازشریف نے بلوچستان کے سینئر سیاستدان نوابزادہ لشکری رئیسانی کو مسلم لیگ ن میں شمولیت کی دعوت د یتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان سمیت تمام سیاسی قوتوں کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں۔سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سے بلوچستان کے سینئر سیاستدان نوابزادہ لشکری خان رئیسانی نے ملاقات کی،

اس موقع پر میر ہمایوں کرد اور دیگر رہنما بھی شریک تھے، شہباز شریف نے حاجی لشکری رئیسانی اور دیگر رہنماوں کا استقبال کیا۔ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال پر غور کیا گیا اور شہبازشریف نے لشکری رئیسانی کو ن لیگ میں شمولیت کی دعوت دی۔لشکری رئیسانی نے مینار پاکستان پر کامیاب جلسے پر شہباز شریف کو مبارک دی اور کہا کہ مشاورت کے بعد مسلم لیگ ن میں شمولیت کے فیصلے سے آگاہ کروں گا۔اس موقع پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے، اس صوبے کی ترقی اور عوام کو حقوق کی فراہمی نواز شریف کا ہمیشہ کلیدی ایجنڈا رہا ہے، میں نے 16 ماہ کے دوران بطور وزیراعظم بلوچستان کے سب سے زیادہ دورے کئے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گوادر، سی پیک اور ترقی کا عمل بلوچستان کے لئے گیم چینجر ثابت ہوگا، بلوچستان میں دانش سکول کی بنیاد رکھ دی ہے، نوجوانوں کو تعلیم دینا اور ہنرمند بنانا ترقی کے عمل کا حصہ ہے، اللہ تعالی نے دوبارہ موقع دیا تو بلوچستان کو ترقی کے عمل میں تاریخی حصہ دیں گے، بلوچستان سمیت تمام سیاسی قوتوں کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں، حاجی لشکری رئیسانی نے محمد نواز شریف کی ملک وقوم کی ترقی کے لئے خدمات اور وژن کو سراہا۔۔