ڈی جی آئی ایس آئی کی مدت ملازمت میں توسیع کا مقصد حکومتی پالیسیوں کا تسلسل ہے، نگران وزیراعظم

جدہ(صباح نیوز)نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ ڈی جی آئی ایس آئی کی مدت ملازمت میں توسیع کا مقصد دہشت گردی کے بڑھتے واقعات کے پیش نظر حکومتی پالیسیوں کا تسلسل ہے۔عرب نیوز کو انٹرویو کے دوران نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ حکومت کے فوج سے بہت اچھے تعلقات ہیں ۔ بہت سے چیلنجز میں ہمیں فوج سے نہ صرف اچھی تجاویز بلکہ عملدرآمد میں تعاون بھی ملتا ہے۔ ڈی جی آئی ایس آئی کی توسیع سے متعلق سوال پرکہا بعض اوقات حکومتی پالیسیز کے تسلسل کے لیے حالات کا تقاضا ہوتا ہے کہ کچھ افراد کوکام جاری رکھناچاہیے۔ یہ کوئی غیر معمولی نہیں۔خیال رہے کہ نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ سعودی عرب پہنچ گئے، ڈپٹی گورنرر یاض نے ایئرپورٹ پر وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کا استقبال کیا۔ انوارالحق کاکڑ 12 نومبر کو اسلام تعاون تنظیم(او آئی سی) کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے، اجلاس غزہ کی صورتحال پر سعودی عرب کی درخواست پر منعقد ہورہا ہے۔