عام انتخابات میں سلیکشن ہوئی تو ملک کا فائدہ نہیں نقصان ہوگا،خورشید شاہ

لاہور(صباح نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں سلیکشن ہوئی تو ملک کا فائدہ نہیں بلکہ نقصان ہوگا، پیپلزپارٹی اتحاد نہیں کرے گی ، ہمارا گھوڑا اکیلا ہے۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ  انتخابات پنکچر کئے گئے تو بڑا نقصان ہوگا، عوام کے ووٹ پر ڈاکہ ڈالنے کیلئے سب کچھ پلان ہو رہا ہے، لیول پلیئنگ فیلڈ کیسے ہو سکتی ہے جب ایک پارٹی کے لوگ حکومت میں بیٹھے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ہاؤس آج بھی ان کے ہاتھ میں ہے جن کے ہاتھ میں پہلے تھا، عام انتخابات میں سلیکشن ہوئی تو ملک کا فائدہ نہیں بلکہ نقصان ہوگا،پیپلز پارٹی الزام تراشی کی سیاست نہیں کرتی، دعا کرتے ہیں اس ملک میں جمہوری طریقے سے وقت پر انتخابات ہو جائیں۔

انہوں نے کہا کہ  اگر میاں صاحب سیدھے 4 دن کے لئے جیل چلے جاتے تو سیاستدانوں کا قد بڑھ جاتا، عدالت سے ضمانت لینے سے نوازشریف کا قد چھوٹا ہوا ہے، پیپلز پارٹی کا وجود پنجاب سے ہوا ہے، ہم عوام کے سامنے جوابدہ ہیں،یہ تو عوام کو دیکھنا چاہیے کہ ان کے ساتھ ہو کیا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ  پیپلزپارٹی اتحاد نہیں کریگی، ہمارا گھوڑا اکیلا ہے ۔غزہ میں جنگ پر حکومتی کردار کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ نگرا ن  حکومت کو فلسطین کے مسئلے پر آواز بلند کرنی چاہئے۔