لاہور(صباح نیوز)اسلامی جمعیت طلبہ پنجاب یونیورسٹی کے زیر اہتمام ہاسٹل الاٹمنٹ اور دیگر یونیورسٹی ایشوز پر احتجاجی مظاہرے کے دوران پولیس نے چھاپہ مار کر پچاس سے زائد کارکنان کو حراست میں لے لیا۔ اسلامی جمعیت طلبہ کے کارکنان پر دہشتگردی کے مقدمات قائم کردیے گئے۔ پنجاب پولیس کے تشدد سے متعدد کارکنان جمعیت شدید زخمی ہیں۔بے گناہ طلبہ کو تین دن گزرنے کے باوجود بھی عدالت میں پیش نہیں کیا گیا۔
ناظم جامعہ عثمان کھٹانہ نے جاری اپنے بیان میں کہا کہ آئین پاکستان ہر شہری کو اپنے حقوق کی آواز بلند کرنے کے لیے پرامن احتجاج کا حق دیتا ہے۔ اپنے جائز حقوق کے لیے نکلنے والے طلبہ کو تشدد کا نشانہ بنانے اور دہشتگردی کے مقدمات قائم کرنے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ پولیس اور انتظامیہ ہوش کے ناخن لے اور کارکنانِ جمعیت کو فی الفور رہا کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر بے گناہ طلبہ کو جلد رہا نہ کیا گیا تو پورے پاکستان میں جمعیت کے کارکنان احتجاجی مظاہرے کریں گے۔۔