سوات (صباح نیوز)سوات کے مرکزی شہر مینگورہ سمیت تمام میدانی علاقوں میں بارش جبکہ پہاڑوںپر برفباری ہوئی، گزشتہ روز علی الصبح گرج چمک کے ساتھ مینگورہ اور ملحقہ علاقوں میں اچانک تیز بارش شروع ہوگئی جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیااور لوگوں نے صندوقوں میں رکھے پچھلے سال کے گرم کپڑے ایمرجنسی میںنکال کر استعمال کرنا شروع کردئے ، دوسری جانب کالام اور ملحقہ علاقوں سے موصولہ اطلاعات کے مطابق بالائی علاقوں مہوڈنڈ، دیسان بانڈہ اور پلوگاہ سمیت دیگر ملحقہ علاقوں میں میں برفباری بھی شروع ہوگئی ہے جس کی وجہ سے ان علاقوں میں پہلے سے جاری سردی میں مزید اضافہ ہوگیا ہے اور لوگ سردی کی شدت کم کرنے کیلئے گرم کپڑوں کے علاوہ اگ تھاپنے کا بھی اہتمام کرتے ہیں ،
محکمہ موسمیات نے حالیہ بارش کو سوات میں سرد موسم کا آغاز قراردیتے ہوئے موجودہ لہر کو اگلے دو دن تک جاری رہنے کا امکان کا ظاہر کیا ہے ۔ادھرسوات کے سیاحتی علاقے بحرین میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے صفائی مہم جاری ہے ، ڈپٹی کمشنر سوات ڈاکٹر قاسم علی خان کی ہدایات پراسسٹنٹ کمشنر بحرین سکندر خان اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر بحرین ریاض محسود کی نگرانی میں تحصیل بحرین کے مختلف مقامات میں صفائی مہم چوتھے روز سے جاری ہے،
تحصیل بحرین کے مختلف مقامات پر محکمہ میونسپل کمیٹی کا عملہ صفائی مہم میں مصروف ہے۔اسسٹنٹ کمشنر بحرین نے اس حوالے سے کہا کہ صفائی ستھرائی کے معیارکو برقرار رکھنے اور حفظان صحت کی اصولوں کے مطابق ماحول کو یقینی بنانے کے لئے کام کررہے ہیںجس کا مقصد شہریوں کے لئے صاف ستھرا اور صحت مند ماحول پیدا کرنا اور بیماریوں کے خطرے کو کم کرناہے تاہم انہوں نے علاقے کی لوگوں کو بھی اس حوالے سے اپنے حصے کا کام کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے اپنے گلی کوچوں کی صفائی میں تعاون کی اپیل کی۔