اسلام آباد(صباح نیوز)نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضی سولنگی نے کہا کہ قانونی مقدمات نمٹانے سے متعلق کابینہ کمیٹی کے بارے میں سینیٹر رضا ربانی کے خدشات درست نہیں، انتہائی فوری نوعیت کے معاملات میں حکومت کو آرڈیننس جاری کرنے کا اختیار ہوتا ہے، کمیٹی جو بھی کام کرے گی وہ آئین اور قانون کے دائرے میں ہو گا۔
ایوان بالا میں سینیٹر رضا ربانی کے توجہ دلائو نوٹس پر اظہار خیال کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیر نے کہا کہ کمیٹی سے متعلق سینیٹر رضا ربانی نے جن خدشات کا اظہار کیا ہے ان کی کوئی بنیاد نہیں ہے، کابینہ کمیٹی رولز آف بزنس17(2) کے تحت قائم ہوئی ہے، کمیٹی بل تیار کرنے یا بل پیش کرنے کے لئے نہیں۔
انہوں نے کہا کہ انتہائی ارجنٹ کیسز میں حکومت کو آرڈیننس جاری کرنے کا اختیار حاصل ہوتا ہے، آئین اور قانون نگران حکومت کو آرڈیننس جاری کرنے سے نہیں روکتا، آئین کے آرٹیکل 89 کے اندر بھی ایمرجنسی قانون سازی کی اجازت ہے۔
انہوں نے کہا کہ کابینہ کمیٹی کابینہ سیکریٹریٹ کے فنکشنز میں مدد فراہم کرنے کے لئے ہے، کمیٹی کے اختیارات سپریم کورٹ یا ایوان بالا سے زیادہ نہیں، قانون سازی کے لئے یہ بات ضروری ہے کہ ہم جو بھی قانون سازی کریں گے وہ آئین و قانون سے بالاتر نہ ہو۔