کراچی(صباح نیوز) جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہاہے کہ غزہ پر جاری اسرائیلی حملوں میں ہسپتالوں، اسکولوں اور پناہ گزین کیمپوں پر وحشیانہ بمباری انسانیت کیخلاف جرائم ہیں، اسرائیلی وزیر اعظم کو عالمی انصاف کی عدالت کے کٹھرے میں کھڑا کیا جائے، مسلمان ممالک کے حکمران بے حسی کا رویہ چھوڑ کر فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی مدد کیلئے آگے بڑھیں، اسرائیلی ناجائز ریاست سے سفارتی اور کاروباری رابطے ختم کئے جائیں، ان شااللہ وہ دن دور نہیں جب مسجد اقصیٰ اور بیت المقدس سمیت انبیائے کرام کی سرزمین فلسطین غاصب صہیونی ناجائز ریاست کے چنگل سے آزاد ہوگی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت اتحاد العلما کراچی کے تحت کراچی پریس کلب پر منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، مظاہرے میں شریک علمائے کرام اور طلباء نے اسرائیل کیخلاف بھرپور نعرے بازی کی، صوبائی امیر نے مزید کہا کہ فلسطین میں حماس کے مجاہدین نے ایک بار پھر جہاد کا نعرہ لگاکر شوق شہادت کے جذبے کو زندہ کردیا ہے، ان شااللہ جو حشر امریکہ کا افغانستان میں ہوا تھا وہی حشر اسرائیل کا غزہ میں ہوگا۔ صوبائی امیر نے علمائے کرام پر زور دیا کہ وہ جمعہ کے خطبات سمیت منبر ومحراب کے ذریعے اسرائیلی جارحیت کیخلاف اور جہاد کے جذبے کو اجاگر کرنے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔احتجاجی مظاہرے سے مولانا اعجازمصطفیٰ ،حافظ محمد سلفی ،جمعیت اتحاد العما کراچی کے صدرمولانا عبدالوحید اخوان، قاسم رشید اور ضیاالرحمن فاروقی سمیت دیگررہنمائوں نے بھی خطاب کیا۔#