سپیکر قومی اسمبلی کی غزہ کے جبالیا پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی بمباری کی مذمت

اسلام آباد(صباح نیوز)  سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے غزہ کے جبالیا پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی بمباری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتیہوئے اس کے نتیجے میں 100 سے زائد نہتے شہریوں کی شہادت پر دلی رنج اور تعزیت کااظہار کیاہے۔بدھ کو اپنے مذمتی بیان میں پناہ گزین کیمپ پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کو انتہائی افسوس ناک قرار دیتے ہوئے کہاکہ اسرائیل نے ظلم کی تمام حدیں پار کردی ہیں ۔اسرائیلی مظالم سے خواتین ، بچے اور امدادی کارکنان تک محفوظ نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ غزہ پر اسرائیلی بمباری سے اقوام متحدہ کے 64 امدادی کارکن ہلاک ہو چکے ہیں ۔ مغربی طاقتیں اسرائیل کی جانب سے غزہ پر وحشیانہ بمباری کا فوری نوٹس لیں۔انہوں نے کہاکہ اب وقت آگیا ہے کہ امت مسلمہ کو متحد ہو کر اسرائیل کی جارحیت کا جواب دینا ہو گا ۔ پاکستان کی پارلیمان اور عوام عالمی برادری سے پرزور اپیل کرتے ہیں کہ اسرائیلی جارحیت کا نوٹس لے ۔راجہ پرویزاشرف نے کہا کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں ، عالمی طاقتوں کومل بیٹھ کر مسئلہ فلسطین کا فوری اور دیر پا حل نکالنا چاہیے ۔معصوم بچوں، خواتین اور بزرگوں کو اسرائیلی مظالم سے نجات دلانا پوری دنیا کی اجتماعی ذمیداری ہے ۔پاکستان فلسطینی بہن بھائیوں کی سیاسی اور اخلاقی مدد جاری رکھے گا ۔ اللہ تعالی مظلوم فلسطینیوں پر اپنا رحم فرمائے اور ظالموں کو نشان عبرت بنائے ۔