عالم اسلام کی قیادت مظلوم فلسطینیوں کو ظلم اور قتل عام سے بچائے،لیاقت بلوچ


 لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی، سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ عالم اسلام کی قیادت تاخیر نہ کرے اور مظلوم فلسطینی عوام کو ظلم، بربریت اور نسل کشی اور قتل عام سے بچائے ،قبلہ اول بیت المقدس ہاتھ سے نکل گیا تو عالم اسلام مستقل بنیادوں پر غیرمحفوظ اور کمزور ہوجائے گا۔

منصورہ میں فلسطین علما و مشائخ کانفرنس کی انتظامی کمیٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل صیہونی جنگی جرائم کے خلاف دنیا بھر میں احتجاج جاری ہے. امریکہ، بھارت اور یورپ کا کردار گھنائونا، غیر انسانی اور متعصبانہ ہے، پورے ملک میں فلسطین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا جارہا ہے،عالم اسلام کی قیادت تاخیر نہ کرے اور مظلوم فلسطینی عوام کو ظلم، بربریت اور نسل کشی اور قتل عام سے بچائیں.،قبلہ اول بیت المقدس ہاتھ سے نکل گیا تو عالم اسلام مستقل بنیادوں پر غیرمحفوظ اور لاغر ہوجائے گا. 25 اکتوبر کو منصورہ میں فلسطین کی آزادی کی حمایت اور اسرائیلی صیہونی ظلم و قتل و غارت گری کے خلاف قومی علما و مشائخ فلسطین کانفرنس منعقد کی جائے گی اور 29 اکتوبر کو اسلام آباد میں فلسطین ملین مارچ ہوگا

لیاقت بلوچ نے صفدر آباد شیخوپورہ میں شمولیتی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ہر پارٹی کو آئین و قانون کے مطابق سیاست کا پورا حق ملنا چاہیے ،کسی بھی پارٹی کو نوازنے کے لئے دوسروں کے ہاتھ پائوں نہ باندھے جائیں،میاں نواز شریف کو پی ٹی آئی دور میں جن مہربانوں نے باہر بھیجنے کا وی آئی پی انتظام کیا، اب تازہ مہربان بھی ان کی واپسی کے لئے اسی طرح کا وی آئی پی اہتمام کررہے ہیں ،ریاستی ادارے کیوں ایسی مشقت سے گزررہے ہیں جس کا ثمر ملک و ملت کے حق میں کڑوا ہوتا ہے،سیاسی استحکام کے لئے لازم و ناگزیر عمل یہ ہے کہ صاف شفاف انتخابات کرائے جائیں، عوام کا اعتماد بحال کیا جائے ،بینظیر بھٹو باہر سے آئیں، بڑا استقبال اور مینار پاکستان پر جلسہ ہوا.،چیئرمین پی ٹی آئی نے 2013 میں مینار پاکستان پر جلسہ عام سے عروج پایا،اور اب میاں نواز شریف باہر سے آئے اور ماضی کی طرح بے تحاشا اخراجات کے ساتھ جلسہ عام منعقد کرلیالیکن سیاست کا یہ طریقہ واردات سیاست، جمہوریت، پارلیمانی عمل کے لئے  تباہ کن ثابت ہوا ہے،الیکشن کمیشن آف پاکستان 28 جنوری 2024 کو الیکشن ڈے قرار دے اور تمام جماعتوں کے متفقہ ضابطہ اخلاق پر عمل کیا جائے، قبل از انتخابات دھاندلی کی وارداتیں روکی جائیں۔